ڈرپ نظام آبپاشی سے پودوں کو ایک ہی وقت میں پانی اور کھاد ملنے سے کاشتکار کا وقت بچنے لگا

منگل 5 جون 2018 15:42

لاہور۔5 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2018ء) ڈرپ نظام آبپاشی ایک جدید نظام آبپاشی ہے ۔اس نظام کے تحت تمام پودوں کو ایک ہی وقت میں پانی اور کھاد مل جاتی ہے اور کاشتکار کا وقت بھی ضائع نہیں ہوتا۔روائتی طریقہ آبپاشی میں پانی ضائع ہونے کے ساتھ مناسب وقت پر فصل کو دستیاب نہیں ہوتا جبکہ ڈرپ اریگیشن سسٹم سے پانی کی درست فراہمی تمام پودوں کو ایک ہی وقت پر ہو جاتی ہے محکمہ زراعت پنجاب ڈرپ اریگیشن سسٹم لگانے پر 60فیصد سبسڈی فراہم کر رہا ہے جبکہ باقی 40فیصد کاشتکار ادا کرے گا ۔

ڈرپ اریگیشن سسٹم ایک صاف ستھرا اور آسان نظام ہے جس میں کھالے بنانے کی فکر نہیں ہوتی اور نہ ہی پانی لگانے کا مسئلہ ہوتا ہے ۔اس طریقہ میں کھاد ، وقت ، مزدوری اور پانی کی 50فیصد تک بچت ہوتی ہے ۔

(جاری ہے)

ڈرپ آبپاشی کے نظام میں پانی قطروں کی صورت میں براہ راست پودوں کی جڑوں میں داخل ہوتا ہے ۔ اس طرح غیرضروری جگہوں پر پانی نہ جانے سے پانی کی بچت ہوتی ہے اور غیر ضروری جڑی بوٹیوں کی نشوونما بھی کم سے کم ہوتی ہے ۔

اس نظام کے ذریعے پانی لگانے کے لیے درکار وقت بھی روائتی طریقہ آؓبپاشی کی نسبت کم ہوتا ہے ۔ڈرپ آؓبپاشی میں کھاد اور دیگر زرعی مداخلات برابر مقدار میں پودوں کی جڑوں میں داخل ہوتے ہیں اس لیے پودوں کی بہتر نشوونما ہوتی ہے ۔ ایسی زمینیں جو غیر ہموار ، پوٹھوہاری یا ریگستانی ہوں وہاں ڈرپ نظام آؓبپاشی ایک بہترین نظام آبپاشی ہے ۔

متعلقہ عنوان :