پاک بحریہ زیر اہتما عالمی یوم ماحولیات کے حوالے سے متعدد سرگرمیوں کا انعقاد

پاک بحریہ سمندری ماحول کے تحفظ اورآئندہ نسلوں کے لیے قیمتی سمندری وسائل کو محفوظ بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھے گی، نیول چیف

منگل 5 جون 2018 19:35

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2018ء) عالمی یوم ماحولیات ہر سال 5جون کو اقوام متحدہ کے پروگرام برائے ماحولیات ( یو این ای پی ) کے زیر سرپرستی عالمی سطح پر منایا جاتا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد ماحول کی اہمیت پر عالمی توجہ مبذول کرواکر ماحول کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کروانا ہے۔ عالمی یوم ماحولیا ت کے لیے اس سال کا منتخب کردہ موضوع ہے -’پلاسٹک سے پیدا ہونے والی آلودگی کا خاتمہ‘ جس کا مقصد ہے کہ اجتماعی کوششوں کے ذریعے پلاسٹک کا پائیدار نعم البدل تلاش کیا جائے اور اس کی پیداوار کو فوری طور پر کم کرکے اس کے استعمال میں کمی لائی جائے تاکہ اس کے سبب ہونے والی سمندری آلودگی کی روک تھام کی جاسکے جس سے سمندری حیات کو مسلسل نقصان پہنچ رہا ہے اور انسانی صحت کو بھی کئی خطرات لاحق ہیں۔

(جاری ہے)

پاک بحریہ میں یوم ماحولیات ہر سال باقاعدگی سے منایا جاتا ہے۔ اس دن کی مناسبت سے اس سال پاک بحریہ میں متعدد سرگرمیوں کا انعقاد کیاگیا جن کا مقصد پاکستان میں ماحولیات کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور عوام الناس کے ساتھ ساتھ متعلقہ ادارو ں کے درمیان سمندری ماحول سے متعلق آگاہی کو فروغ دینا تھا۔ ان سرگرمیوں میں یوم ماحولیات کی اہمیت پر لیکچرز، مضمون اور نقشہ نویسی کے مقابلے شامل تھے۔

اس سلسلے میں ماہ رمضان کے بعد رہائشی علاقوں میں صفائی مہم کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ اس طرح کی سرگرمیاں عوام النا س میں ماحول سے متعلق شعور اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ پاک بحریہ سمندروں کو صاف اور محفوظ بنانے کے لیے سمندری ماحول کے تحفظ کے لیے مسلسل کوششیں کرتی رہتی ہے۔ اس موقع پر چیف آف دی نیول اسٹاف نے اپنے پیغام میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ سمندری ماحول کے تحفظ اور اپنی آئندہ نسلوں کے لیے قیمتی سمندری وسائل کو محفوظ بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھے گی۔