پاکستان نے عالمی و علاقائی امن کی خاطر بے شمار قربانیاں دیں ،عالمی برادری قربانیاں تسلیم کرے، سینیٹر سلیم مانڈوی والا

پاکستان رومانیہ کو ایک اہم ملک تصور کرتا ہے ،خواہش ہے دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دی جائے ،دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم مزید بڑھانے کی ضرورت ہے، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی رومانیہ کے سفیر سے گفتگو

بدھ 6 جون 2018 17:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2018ء) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ پاکستان نے عالمی و علاقائی امن کی خاطر بے شمار قربانیاں دیں ہیں اورعالمی برادری کو چاہیے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی جانب سے دی جانیوالی قربانیوں کو تسلیم کرے ۔ انہوں نے ان خیالات اظہار رومانیہ کے سفیر سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات میں کیا۔

ڈپٹی چیئرمین سینٹ نے کہا کہ پاکستان رومانیہ کو ایک اہم ملک تصور کرتا ہے اور ہماری خواہش ہے کہ دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دی جائے تاہم انہوں نے اس بات کی طرف اشارہ کیا کہ اگرچہ سیاسی سطح پر دونوں ملکوں کے مابین مضبوط روابط موجودہیں تاہم تجارتی حجم کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری و تجارتی معاونت کے پیش نظر دونوں ملکوں کی عوام کو مزید قریب لایا جاسکے گا۔

(جاری ہے)

سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے دونوں ملکوں کے درمیان بین الاقوامی سطح پر بہترین تعاون کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ دوطرفہ تعلقات کو وسعت کی نئی بلندیوں پر لے جانے کی خاطر دونوں ملک تعاون کے لیے نئی راہیں ہموار کریں گے۔ انہوں نے پارلیمانی سطح پر تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا اور کہا کہ پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے باہمی دلچسپی کے امور اور ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا ۔رومانیہ کے سفیر نے ڈپٹی چیئرمین سینٹ کو بتایا کہ پاکستان کی تاجر برادری اور چیمبر آف کامرس کیساتھ تعاون کے ذریعے تجارت ، سرمایہ کاری اور اقتصادی روابط کے لیے نئی راہیں ہموار کرنا رومانیہ کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک اہم ملک ہے ۔ ڈپٹی چیئرمین سینٹ نے رومانیہ کے سفیر ، حکومت ، عوام اور پارلیمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ۔