نظام مصطفی کا نفاذ، آزاد خارجہ پالیسی، اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت اور عوام کو روزگار،صحت،تعلیم ایم ایم اے کا 12نکاتی انقلابی منشور قوم کے دلوں کی آواز ہے، ڈاکٹر معراج الہدیٰ

بدھ 6 جون 2018 22:38

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 جون2018ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیراور متحدہ مجلس عمل کے صوبائی نائب صدر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ 2018 کے انتخابات ملک میں حقیقی تبدیلی کا سال ثابت ہوں گے، نظام مصطفی کا نفاذ، آزاد خارجہ پالیسی، اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت اور عوام کو روزگار،صحت،تعلیم کی سہولیات فراہم کرنے سمیت ایم ایم اے کا 12نکاتی انقلابی منشور قوم کے دلوں کی آواز ہے، ایم ایم اے میدان خالی نہیں چھوڑے گی،کراچی تا کشمور ہر صوبائی ،قومی سیٹ پر کرپٹ ،سیکولر ولبرلز کے مقابلے میں دیندار اور صادق وامین نمائندے سندھ کے عوام کو فراہم کریں گے۔

(جاری ہے)

وہ ناظم آباد میں منعقدہ عوامی دعوت افطار سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو موجودہ بحران سے نکالنے، جمہوریت کی بالادستی اور عوامی مسائل کے حل کیلئے بروقت وشفاف انتخابات ہی واحد حل ہیں،انتخابات میں تاخیر ملک کو کسی نئے بحران سے دوچار کرسکتا ہے۔ وفاقی وصوبائی نگران حکومتوں کو اپنے اقدامات کے زریعے غیرجانبداری ثابت کرنا ہوگی۔#