مسلم لیگ (ن) ملک میں ترقی کا تسلسل چاہتی ہے، رانا محمد افضل

بدھ 6 جون 2018 23:37

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا محمد افضل نے کہا ہے کہ ان کی جماعت ملک میں ترقی کا تسلسل چاہتی ہے۔ بدھ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنی گزشتہ 5 سالہ آئینی مدت کے دوران تمام شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا میں اپنی صوبائی حکومت کے دوران عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کچھ بھی نہیں کر پائی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنے حکومتی صوبے میں اپنے دور حکومت کے دوران کرپشن کو کنٹرول کرنے میں بھی بری طرح ناکام ہوئی ہے۔ سیاسی جماعتوں میں نظم و نسق کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کا فوج کی طرح بہترین نظم و نسق نہیں ہوتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا پاکستان کے بارے میں تاثر مختلف ہے لیکن پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ پالیسیوں کو فالو کیا اور ملکی فلاح و بہبود کے لیے کام کیا ہے۔

رانا محمد افضل کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا میں اپنی صوبائی حکومت کے دوران اپنے 5 سال کو ضائع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں لوگ پاکستان مسلم لیگ (ن) کو اس کی کارکردگی اور اس کے کیے گئے ترقیاتی کاموں کی بنیاد پر ووٹ دیں گے۔