مسلم رہنماؤں اور ملی جماعتوں میں عدم اتحاد مسلمانوں میں انتشارکا سبب ہے ، امام شاہی مسجد دہلی

جمعرات 7 جون 2018 10:40

نئی دہلی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2018ء) جامع مسجد دہلی کے شاہی امام مولانا سید احمد بخاری نے کہا ہے کہ مسلم رہنماؤں اور ملی جماعتوں میں عدم اتحاد کی وجہ سے ہی آج مسلمانوں میں انتشار کی کیفیت ہے اور وہ عدم تحفظ کے احساس میں مبتلا ہیں۔متعدد مسائل میں گھرے ہوئے ہیں لیکن اگر ملی رہنما اپنے اختلافات ختم کر دیں تو مسلمانوں کے بہت سے مسائل حل ہو سکتے ہیں تاہم وہ ایسا کرنا نہیں چاہتے کیونکہ اس سے ان کے مفادات متاثر ہو جائیں گے۔

(جاری ہے)

مولانا بخاری نے ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی ہند کے امیر مولانا سید جلال الدین عمری کے نام ارسال کردہ ایک خط میں کیا ہے جس کی نقل میڈیا کو جاری کی گئی ہے۔مولانا بخاری نے یہ خط مولانا عمری کے اس اخباری بیان کے جواب میں ارسال کیا ہے جس میں جماعت اسلامی ہند کے امیر نے مسلمانوں کے مسائل کے تعلق سے وزیر اعظم نریندر مودی سے شاہی اما م کی مجوزہ ملاقات کے بارے میں مبینہ طور پرکہا تھا کہ وہ صرف یہی چاہتے ہیں کہ جب مسلمانوں کا وفد مودی سے ملنے جاے تو اسے بھارت میں آباد تمام مسلمانوں کا اعتماد حاصل ہو۔