متحدہ عرب امارات ، معذوری اندھے جنون کی راہ میں رُکاوٹ نہ بن سکی

کار حادثے میں ٹانگوں سے مفلوج نوجوان دوبارہ کار ریس میں حصّہ لیتے پکڑا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 7 جون 2018 12:32

متحدہ عرب امارات ، معذوری اندھے جنون کی راہ میں رُکاوٹ نہ بن سکی
دوبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 7 جُون 2018ء) دوبئی پولیس نے گزشتہ دِنوں ایک غیر قانونی کار ریس کے دوران ایک ایسے نوجوان کو گرفتار کیا ہے جو اس سے قبل ایک کار ریس حادثے کے دوران اپنی ٹانگیں مفلوج کروا بیٹھا ہے۔ تفصیلات کے مطابق برشا پولیس اسٹیشن کے ڈائریکٹر بریگیڈیر عبدا الرحمان بن شفیعی نے بتایا کہ اماراتی مفلوج نوجوان کار ریس کے دوران ایکسلریٹر کو دبانے کے لیے ایک چھڑی کا استعمال کر رہا تھا‘ کیونکہ وہ اپنی مفلوج ٹانگوں کو حرکت نہیں دے سکتا تھا۔

بریگیڈیر شفیعی کے مطابق ’’ہمیں اطلاع مِلی کہ القُدرہ روڈ پر نوجوانوں کا ایک گروہ ترمیم شدہ رفتار والی گاڑیوں کے ساتھ غیر قانونی کار ریس کا مرتکب ہو رہا ہے۔ پولیس ٹیم نے موقعے پرپہنچ کر ڈرائیورز کے گروہ کو گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

اُن گرفتار افراد میں ایک ایسا منچلا ڈرائیور بھی تھا جس کی ٹانگیں ایک کار ریس حادثے میں مفلوج ہو چکی تھیں مگر وہ اس ریس کے دوران ایکسلریٹر اور بریک پیڈل کو دبانے کے لیے ایک چھڑی کو استعمال میں لا رہا تھا۔

اس اماراتی نوجوان کی عمر بیس کی دہائی میں ہے۔ اسے اور اس کے ساتھ گرفتار ہونے والے دوسرے نوجوانوں کو مزید تفتیش کے لیے البشرہ پولیس سٹیشن لایا گیا ۔ ’’بہت ہی افسوس ناک بات ہے کہ مذکورہ نوجوان کی اس سے قبل ایک کار ریس کے دوران ہونے والے حادثے میں دونوں ٹانگیں ضائع ہو گئیں‘ مگر اُس نے اس حادثے سے کوئی سبق نہیں سیکھا ۔ یہ شخص کار ریس کا جنونی معلوم ہوتا ہے۔

‘‘ بریگیڈیر بن شفیعی نے مزید کہا۔ اس مفلوج ڈرائیور نے اپنی کار کو چار سو کلومیٹر کی رفتار تک لے جانے کے لیے اس میں ترمیم کروائی تھی مگر پولیس اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتی کہ ریس کے دوران اُس نے زیادہ سے زیادہ کس رفتار پر گاڑی چلائی تھی۔ رفتار میں ترمیم کروائی گاڑیاں چلانے والے 90 فیصد ڈرائیور نوجوان اماراتی ہیں جو شعبدہ دکھانے کے خواہش مند ہوتے ہیں۔

200 کلو میٹر فی گھنٹہ والی گاڑیوں میں ترمیم کروا کے اُن کی سپیڈ لِمٹ کو 400 کلومیٹر فی گھنٹہ تک لے جانے سے یہ گاڑیاں موت کے منہ میں لے جانے والی مشینیں بن جاتی ہیں۔ پولیس نے مفلوج نوجوان پر ٹریفک جرمانہ عائد کرنے کے علاوہ اُس کی گاڑی تیس دِن کے لیے قبضے میں لے لی ہے۔ گزشتہ سال بھی پولیس نے غیر قانونی کار ریس کے خلاف مہم کے دوران متعد افراد کو گرفتار کر کے 89 گاڑیاں قبضے میں لے لی تھیں۔ ٹریفک قانون کے مطابق کار کی رفتار میں ترمیم کرنے والوں کو 100 اماراتی درہم کا جرمانہ اور 12 ٹریفک بلیک پوائنٹس کی سزا دی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ ایک ماہ کے لیے گاڑی میں قبضے میں لے لی جاتی ہے۔