(ن) لیگ اور تحریک انصاف نے سیاست کو آلودہ کر دیا ،

ایک جماعت کرپشن ،دوسری کتاب میں پھنسی ہے‘سینیٹر مولا بخش چانڈیو

جمعرات 7 جون 2018 15:48

(ن) لیگ اور تحریک انصاف نے سیاست کو آلودہ کر دیا ،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ (ن) لیگ اور تحریک انصاف نے سیاست کو آلودہ کر دیا ، ایک جماعت کرپشن جبکہ دوسری کتاب میں پھنسی ہے ، ثابت ہو گیا کہ عام انتخابات کیلئے دونوں جماعتوں کے پاس عوامی منشور ہے نہ ایجنڈا ہے ۔اپنے جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اور (ن) لیگ نے ایک دوسری کی عزتیں اچھالنے کی انتہا کر دی ہے ،دونوں جماعتوں میں سیاسی اور معاشرتی اخلاقیات کا جنازہ نکالنے کا مقابلہ چل رہا ہے، جن جماعتوں کو ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالنے کی فرصت نہیں وہ عوامی مسائل کیسے حل کریں گی۔

مولابخش چانڈیو نے کہا کہ (ن) لیگ نے جو بویا ابھی اس نے کاٹنا ہے، تحریک انصاف جو کچھ بو رہی ہے اسے کاٹے گی، (ن) لیگ ہے کہ مجھے کیوں نکالا سے نہیں نکل رہی، تحریک انصاف ایک ایسی کتاب میں پھنس گئی ہے جو ابھی شائع بھی نہیں ہوئی، قوم باشعور ہیں ،سب دیکھ رہی ہے کہ کون کیا گل کھلا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایٹمی طاقت رکھنے والی قوم کا مقدر غیر سنجیدہ سیاسی قیادت کے حوالے نہیں کیا سکتا، (ن) لیگ نے پاکستان کی سیاست میں ضیاء الحق کی پھیلائی بدعتوں میں مزید اضافہ کیا، صرف پی پی پی وہ جماعت ہے جس کا فوکس عوامی منشور ہے، پی پی کبھی ایسی گندی سیاست کا حصہ بنی نہ اب بنے گی۔