صوبائی دارلحکومت لاہور سے عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی وصول اور جمع کرانے کا سلسلہ جاری

جمعرات 7 جون 2018 19:37

لاہور۔7 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2018ء) صوبائی دارلحکومت لاہور سے عام انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی وصول اور جمع کرانے کا سلسلہ جمعرات کے روز بھی جاری رہا۔لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقوں سے خواجہ احمد حسان،ڈاکٹر یا سمین راشد ، لیاقت بلوچ،گلوکار جواد احمد جبکہ پنجاب سے خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے لئے ایک سو سے زائد امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن کے خواجہ احمد حسان نے قومی اسمبلی حلقہ این اے 130سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے،تحریک انصاف کی ڈاکٹر یا سمین راشد نے قومی اسمبلی حلقہ این اے 125سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے،تحریک لبیک کے ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے قومی اسمبلی حلقہ این اے 128سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، جماعت اسلامی کے لیاقت بلوچ نے قومی اسمبلی حلقہ این اے 130اور امیرالعظیم نے قومی اسمبلی حلقہ این اے 135سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے،برابری پارٹی کے سربراہ گلوکار جواد احمد نے قومی اسمبلی حلقہ این اے 132 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے،پنجاب کی مخصوص نشستوں سے چھالیس خواتین اور 65 اقلیتی امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کراے،لاہور سے قومی اسمبلی کی 14 نشستوں کے لیے اب تک 460 اور صوبائی اسمبلی کے 30 حلقوں کے لیے 550 امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی حاصل کئے گئے، کاغذات نامزدگی حاصل کرنے والے امیدواروں میں ن لیگ کے پرویز ملک،خواجہ سعد رفیق،اور خواجہ عمران نذیر شامل ہیں، جاری شدہ انتخابی شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی حاصل کرنے اور جمع کرانے کا سلسلہ آج آٹھ جون تک جاری رہے گا، دوسری جانب لاہور کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر عابد قریشی نے پولنگ اسکیموں پر اعتراضات کے حوالے سے آنے والی درخواستوں پر الیکشن کمیشن سے جواب طلب کر لیا،متعلقہ ریٹرننگ افسران نے الیکشن کمیشن کے نمائندوں کو پولنگ سٹیشنز کا جائزہ لینے کی بھی ہدائت کی ہے، درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا تھا کہ پولنگ سٹیشنز کو قانون سے ہٹ کر مقررہ حدود سے دورقائم کیا گیا۔