وفاقی وزیر توانائی کی پاور ڈویژن کو بجلی کی صورت حال میں پائیداری اور توانائی کی بچت کے لئے اقدامات کی ہدایت

جمعہ 8 جون 2018 21:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 جون2018ء) وفاقی وزیر توانائی نے توانائی کی بچت کی ضرور ت پر زور دیتے ہوئے پاور ڈویژن کو تمام وسائل بروئے کار لا کر بجلی کی صورت حال میں پائیداری اور توانائی کی بچت کے لئے اقدامات کی ہدایت کردی تاکہ بجلی کی طلب کو معقول بنایا جا سکے، اس سلسلے میں ایک جامع اجلاس آئندہ ہفتے منعقد ہوگا ۔

جمعہ کو اسلام آباد میںوفاقی وزیر توانائی سید ظفر علی شاہ نے پاور ڈویژن کے حکام کے ساتھ تعارفی اجلاس منعقد کیا جس میں سیکرٹری پاور ڈویژن یوسف نسیم کھوکھر ،ایڈیشنل سیکرٹری ،ایم ڈی پیپکو، ایم ڈی این ٹی ڈی سی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔سیکرٹری پاور ڈویژن نے وزیر کو بجلی کی مجموعی صورت حال بشمول،پیداوار ،ترسیل اور ملک بھر میں تقسیم بارے بریف کیا ۔

(جاری ہے)

وزیر کو ملک میں بجلی کی موجودہ اور آئندہ ممکنہ طلب اور رسد کے بارے میں بھی بتایا گیا ۔ انہیں دی بریفنگ میں بتایا گیا کہ کابینہ کی طرف سے ماہ رمضان کے لئے متعینہ لوڈ مینجمنٹ پر سختی سے عمل در آمد کیا جا رہا ہے ۔ اجلاس کے دوران وزیر بجلی سید ظفر علی شاہ نے ہدایت کی کہ پاور ڈویژن تمام وسائل کو بروئے کار لا کر بجلی کی صورت حال میں پائیداری لائے۔انہوں نے توانائی کی بچت کی ضرور ت پر زور دیا اور توانائی کی بچت کے لئے اقدامات کی ہدایت کی تا کہ بجلی کی طلب کو معقول بنایا جا سکے۔ اس ضمن میں ایک جامع اجلاس آئندہ ہفتے منعقد ہوگا ۔

متعلقہ عنوان :