سکھ مذہب کے گورو ارجن دیو جی کے شہیدی دن ( جوڑ میلہ )کی تقریبات میں شرکت کیلئے بھارت سے سکھ یاتریوں کی آمد

گرو ارجن دیو کی مرکزی تقریب 16جون کو منعقد ہو گی ،عالم اسلام عید الفطر کی خوشیاں منا رہے ہوں گے ہم اپنے سکھ بھائیوں کے ہمرہ انکی مذہبی رسومات میں شریک ہوں گے‘سیکرٹری بورڈ محمد طارق خان کی واہگہ ریلوے اسٹیشن پر استقبال کے موقع پر میڈیا سے گفتگو

جمعہ 8 جون 2018 21:09

سکھ مذہب کے گورو ارجن دیو جی کے شہیدی دن ( جوڑ میلہ )کی تقریبات میں شرکت ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 جون2018ء) سکھ مذہب کے گورو ارجن دیو جی کے شہیدی دن ( جوڑ میلہ )کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے 84 سکھ یاتری واہگہ ریلوے سٹیشن کے راستے پاکستان پہنچ گئے ۔متروکہ وقف املاک بورڈ کے سیکرٹری طارق خان ،پردھان سردار تارا سنگھ ،ڈپٹی سیکرٹری عمران گوندل،سابقہ پردھان سردار بشن سنگھ ، پی آر او عامر حسین ہاشمی،سیکورٹی انچارج فضل ربی اور دیگر سکھ رہنمائوں نے واہگہ ریلوے اسٹیشن پر انکا استقبال کیا۔

میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری بورڈ محمد طارق خان نے خصوصی تعاون پر انڈین ہائی کمشنر کا شکریہ اداکیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سکھوں کے لیے ایک مقدس جگہ ہے ہم ہر مرتبہ مذہبی تقریبات کے ادائیگی و مہمان نوازی کے لیے بھر پور اقدامات کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ سکھ قوم کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہوکر اپنے تمام تر اختلافات ختم کرکے متحد ہونا چاہیے ۔

مہمان نوازی سنت رسول ہے اور ہم اس پر عمل پیرا ہیں روز جمعہ اور حالت روزہ میں بھی دین اسلام کے احکامات کے مطابق غیر مسلموں کی خدمت کے لیے پیش پیش ہیں۔ انہوںنے بتایا کہ گرو ارجن دیو کی مرکزی تقریب 16جون کو ہے اس دن تمام عالم اسلام عید الفطر کی خوشیاں منا رہے ہوں گے جبکہ ہم اپنے سکھ بھائیوں کے ہمرہ انکی مذہبی رسومات میں شریک ہوں گے ۔سیکرٹری بورڈ نے شدید گرمی اور روزہ کے حالت میں کوریج کرنے والے میڈیا کے نمائندوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

پاکستان سکھ گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی کے پردھان سردار تارا سنگھ نے کہا کہ پاکستان میں سکھ گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی اپنے شیڈول کے مطابق تمام تر مذہبی رسومات اداکی جاتی ہیں حکومت پاکستان اور ٹرسٹ بورڈ پی ایس جی پی کے ساتھ مل کر سکھ یاتریوں کی سیکورٹی سمیت دیگر انتظامات میں مصروف عمل ہے اور ہم مہمانوں کے ساتھ ساتھ رہیں گے سکھ قوم میں اختلافات پید کرنے والے کبھی کامیاب نہ ہوں گے بھارتی حکومت کو اپنے رویے میں تبدیلی لانا چاہیے۔

سکھ یاتریوں کے پارٹی لیڈرسردار جنگ سنگھ نے کہا کہ پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے ہمیں یہاں آنے سے کوئی نہیں روک سکتا،ہم اپنے گورو کی دھرتی پر حاضری کے لیے آتے رہیں گے ہمیں پاکستان سے بہت محبت ہے۔جتھ کے ہمرا ہ آئے سردار پریتم سنگھ اور سردار گور و میت سنگھ نے پاکستان یاترا کے لیے آنے پر خوش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مسلمانوںکے اس لازوال محبت پر ہم انکا جتنا بھی شکریہ ادا کریں کم ہے کہ وہ اپنی عبادات چھوڑ کر ہمارے خدمت کے لیے یہاں پر آئے ہیں اس موقع پر سکھ مسلم دوستی زندہ باد پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے گئے ۔

شیڈول کے مطابق یاتری گورد وارپنجہ صاحب حسن ابدال روانہ ہوگئے مرکزی تقریب 16جون کوصبح 8بجے مرکزی تقریب گورد وارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں ادا کی جائے گی۔سکھ یاتری اپنی یاترا مکمل کر کے 17جون کو واہگہ ریلوے سٹیشن سے ہمسایہ ملک واپس چلے جائیں گے ۔