مسلم لیگ(ن) کے ترقیاتی کام الیکشن سے قبل دھاندلی ہے،مختار احمد ہمایوں

اتوار 10 جون 2018 21:40

پاکپتن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے سٹی جنرل سیکرٹری میاں مختیار احمد ہمایوں نے کہاہے کہ جنرل انتخابات کا اعلان ہونے کے باوجود مسلم لیگ (ن) کے بلدیاتی اداروں کے منتخب کونسلر،چیئرمین اپنے (ن) لیگی امیدواروں کے ہمراہ ترقیاتی کام مکمل کروا رہے ہیں جو سراسر دھاندلی کے زمرے میں آتا ہے ، الیکشن کمیشن کی طرف سے پابندی کے باوجودبلدیاتی اداروں کے چیئرمین ،منتخب نمائندے سرکاری مشینری اور فنڈز کا استعمال کرکے ترقیاتی منصوبے مکمل کروارہے ہیں ، ان حالات میں منعقد ہونیوالے الیکشن کو کس طرح فیئر الیکشن کہا سکتا ہے،بلدیاتی اداروں کے چیئرمین سرکاری پٹرول اور سرکاری گاڑیوں پر ن لیگ کے امیدواروں کی کمپین چلا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن فوری نوٹس لے کر فیئر الیکشن کروانے کے لیے فوری طور پر بلدیاتی اداروں کے چیئرمینوں کو معطل کرکے سرکاری فنڈ کے استعمال پر پابندی عائد کرے اور ان سے سرکاری گاڑیاں واپس لے،اگر ایسا نہ کیا گیا تو ہم ان الیکشن کو فیئر الیکشن قرار نہیں دے سکتے۔۔۔۔۔