پی آئی اے کی کارگو ٹیم اپنے ہدف کے حصول اور ایجنٹس کو سروس فراہم کرنے کیلئے دن رات کام کر رہی ہے، سی ای او پی آئی اے

اتوار 10 جون 2018 21:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2018ء) پی آئی اے کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر مشرف رسول سیان نے گارکوکی ترسیل اور ریونیو کو بڑھانے کی خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیںجس میں بالخصوص کار گو ایجنٹس کے لئے خصوصی پیکج اور ترغیبی اسکیمیں شامل ہیں اور ان میں شفافیت کو مقدم رکھا جائے۔یہ بات پی آئی اے کے جنرل مینیجر کارگو مرزا سمیع اللہ بیگ نے لاہور میں کارگو ایجنٹس کے اعزاز میں منعقدہ افطار کے موقع پر بتائی۔

انہوں نے کہا کہ کارگو ایجنٹس ہمارے کاروباری ساتھی ہیں اور پی آئی اے کی نظر میں کارگو کا کاروبار نہایت اہمیت کا حامل ہے، پی آئی اے کے کل ریونیو ہدف کا دس فیصد کارگو ریونیو پر مشتمل ہے اور پی آئی اے کی کارگو ٹیم اپنے ہدف کے حصول اور ایجنٹس کو سروس فراہم کرنے کے لئے دن رات کام رہی ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کے تمام ائر پورٹس پر کارگو کا شعبہ چوبیس گھنٹے کارگو کی ترسیل کی خدمات فراہم کر رہا ہے۔

پی آئی اے کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر مشرف رسول سیاں کی ہدایات پر انتظامیہ نے کارگو ایجنٹس کی سہولیات میں اضافے اوران کو پی آئی اے کے ساتھ شفاف کاروبار کے لئے راغب کرنے پر مختلف پیکج تر تیب دیئے ہیں جس کے تحت زیادہ سے زیاد کارگو فراہم کرنے ایجنٹس کو پی آئی اے کی جانب سے معمول کے کمیشن سے ہٹ کر کیش کی صورت میں سالانہ بنیادوں پر مزید فوائد بھی دیئے جا رہے ہیں۔ افطار ڈنر میں پی آئی اے کو زیادہ کارگو ریونیو فراہم کرنے والے ایجنٹوں میں کیش انعامات اور شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔ تقریب میں پی آئی اے کے ڈسٹرکٹ مینیجر عمر نواز گورایہ، کارگو مینیجر عبدالرؤف منہاس، فنانس مینیجر نوشیر خان اور کارگو ایجنٹس نے شرکت کی۔