فقہ جعفریہ کے مطابق فطرہ 100 روپے فی کس کے حساب سے ادا کریں

گندم استعمال کرنے والے 100روپے، زیادہ تر چاول استعمال کرنے والے 300 روپے فی کس فطرہ ادا کریں، آیت اللہ حافظ ریاض نجفی

پیر 11 جون 2018 20:27

فقہ جعفریہ کے مطابق فطرہ 100 روپے فی کس کے حساب سے ادا کریں
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جون2018ء) فقہ جعفریہ کے مطابق زیادہ تر گندم استعمال کرنے والے افراد تین کلو گندم فی کس یا اس کی مقامی قیمت بطور فطرہ ادا کریں۔جس کی اوسط قیمت تقریبا 100روپے بنتی ہے ۔جبکہ زیادہ تر چاول استعمال کرنے والے تین کلو چاول فی کس یا اس کی مقامی قیمت ادا کریں۔جوکہ اوسط قیمت تقریباً 300 روپے بنتی ہے۔ میڈیا سیل کی طرف سے جاری اعلامیہ میںوفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ سید ریاض حسین نجفی نے اعلان کیا ہے کہ غذامیں زیادہ تر گندم استعمال کرنے والے ایک سو روپے فی کس کے حساب سے جبکہ زیادہ تر چاول استعمال کرنے والی300 روپے فی کس کے حساب سے فطرہ ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عید الفطر کی رات گھر کے تمام افراد حتی کہ نومولود بچے کا فطرہ دینا بھی واجب ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ شریعت کے مطابق ہر شخص پر فطرہ واجب ہے جو عید الفطر کی رات غروب آفتاب کے وقت بالغ،عاقل ،اپنے حواس رکھتاہواور فقیر نہ ہو تو ضروری ہے کہ وہ اپنا اور ان تمام افراد کا جو اس کے زیر کفالت ہوں فی کس تین کلو ان غذائوں میں سے جو اس کے شہر یا علاقے میں استعمال ہو تی ہوں ،مثلاًگندم ،جو ،چاول ،مکئی ،کھجور ،کشمش وغیرہ یااس کی قیمت مستحق شخص کو دے ،عید الفطر کی رات غروب آفتاب سے پہلے آنے والے مہمان کا فطرہ بھی صاحب خانہ پر واجب ہے جبکہ غروب آفتاب کے بعد آنے والے مہمان کا فطرہ صاحب خانہ پر واجب نہیں ہے ۔

حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ ذکوٰة فطرہ کا استحقاق وہ شخص رکھتا ہے جس کے پاس اپنے اور اپنے اہل و عیال کے لئے سال بھر اخراجات نہ ہوں اور اس کاکوئی روز گار بھی نہ ہو جس کے ذریعے وہ اپنے اہل و عیال کا سال بھر خرچہ پو را کر سکے جبکہ خود مستحق شخص پر فطرہ واجب نہیں ہے ،نیز فطرہ کے مستحق وہی افراد ہیں جو زکوٰة کے مستحق ہیں ۔

متعلقہ عنوان :