الیکشن کمیشن میں عام انتخابات 2018 میں حصہ لینے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال

منگل 12 جون 2018 15:34

الیکشن کمیشن میں عام انتخابات 2018 میں حصہ لینے والے امیدواروں کے کاغذات ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2018ء) الیکشن کمیشن میں عام انتخابات 2018 میں حصہ لینے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال منگل کو جاری رہی ۔تفصیلات کے مطابق 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات 2018 کے لیے کاغذات نامزدگی حاصل اور جمع کروانے کا گیارہ جون آخری روز تھا، اس سے قبل کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 8 جون تھی تاہم الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کی سہولت کے پیش نظر اس میں تین دن یعنی 11 جون تک کی توسیع کردی تھی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق 12 ہزار سے زائد امیدواروں کے کوائف قومی احتساب بیورو (نیب)، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور اسٹیٹ بینک کو بھجوا دیئے گئے ہیں اور کاغذات نامزدگی کی آن لائن جانچ پڑتال کا سلسلہ جاری رہا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق حنا ربانی کھر کے ذمے بینکوں کے 55 کروڑ روپے سے زائد، فیصل واوڈا کے ذمے 5 کروڑ 40 لاکھ روپے، ہارون بشیر بلور کے ذمے 5 کروڑ سے زائد اور اسد اللہ بھٹو کے ذمے 7 کروڑ روپے سے زائد واجب الادا ہیں۔

دوسری جانب این اے 205 سے امیدوار جام اکرام اللہ کے ذمے زرعی بینک کے 31 کروڑ اور ایک اور بینک کے 80 لاکھ روپے واجب الادا ہیں جبکہ این اے 88 سے امیدوار ہارون احسان پراچہ کے ذمے ساڑھے 7 کروڑ روپے واجب الادا ہیں۔امیداوروں کو ریٹرننگ افسران کے سامنے بینک قرضوں کی تمام تفصیلات پیش کرنا ہوں گی اور نادہندہ ہونے کی صورت میں امیدوار کو نا اہل قرار دیا جائیگا۔