اساتذہ طلبا و طالبات کی تربیت اور کردار سازی پر خصوصی توجہ دیں،کمشنر ساہیوال ڈویژن

اساتذہ کی تربیت پر خصوصی توجہ دینے کے ساتھ ساتھ سکولوں میں ڈسپلن کو بھی سخت کیا جائے ، اجلاس سے خطاب

منگل 12 جون 2018 19:04

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جون2018ء) کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے اساتذہ پر زور دیا ہے کہ وہ طلبا و طالبات کی تربیت اور کردار سازی پر خصوصی توجہ دیں تا کہ انہیں ملک کی مستقبل کی ذمہ داری سنبھالنے کا اہل بنایا جا سکے -نئی نسل کی بہتر تربیت میں اچھے تعلیمی اداروں کا کردار بھی انتہائی اہم ہے اور ڈویژنل پبلک سکول ساہیوال نے اس ذمہ داری کو احسن طریقے سے ادا کیا ہے -انہو ںنے یہ بات ساہیوال ایجوکیشنل ٹرسٹ کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ڈی پی ایس کے اگلے مالی سال کے بجٹ کی منظوری دی گئی -اجلاس میں ٹرسٹ کے سیکرٹری اور ایڈیشنل کمشنر کو آرڈینیشن میاں جمیل احمد ،کالج پرنسپل برگیڈئر (ر) سید انوارالحسن کرمانی اور ممبران ڈی سی ساہیوال شوکت علی کھچی ،ڈی سی پاکپتن راجہ منصور احمد ،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حبیب جیلانی وینس ،پروفیسر قمرالزمان خان ،چوہدری سلطان محمود ،شیخ محمد یونس ستارہ امتیاز اور سید افتخار حسین شاہ نے بھی شرکت کی -اجلاس میں اگلے مالی سال کے کالج بجٹ کی منظوری دی گئی جس میں فیسوں سے 36کروڑ20لاکھ روپے اور ڈویلپمنٹ فنڈ میں آمدن کا تخمینہ ڈیڑھ کروڑ لگایا گیا ہے جبکہ تنخواہوں کی مد میں اخراجات 37کروڑ روپے ہونگے -اجلاس میں پرنسپل برگیڈئر (ر) سید انوارالحسن کرمانی کی طرف سے رکھے گئے ترقیاتی منصوبوں کی بھی منظوری دی گئی جس میں ساڑھے 3کروڑ روپے سے ایلمنٹری بلاک اور ایک کروڑ روپے سے واٹر ٹینک تعمیر کیا جائے گا جبکہ چیچہ وطنی کیمپس میں ایک کروڑ 25لاکھ روپے سے گرلز بلاک کی دوسری منزل کی تعمیر کی جائے گی جس میں 12نئے کلاس رومز شامل ہیں -اجلاس میں ملازمین کی تنخواہوں میں 10فیصد اضافے کی منظوری دی گئی جس پر ایک کروڑ 70لاکھ روپے کے اضافی اخراجات آئیں گے -کمشنر علی بہادر قاضی نے سکول کے تعلیمی معیار کو سراہا اور پرنسپل پر زور دیا کہ اس میں مزید اضافے کے لئے اساتذہ کی تربیت پر خصوصی توجہ دینے کے ساتھ ساتھ سکول میں ڈسپلن کو بھی سخت کیا جائے -انہوں نے موجودہ حالات میں سکول کی فول پروف سکیورٹی پر بھی زور دیا جس پر پر نسپل برگیڈئر (ر) سید انوار الحسن کرمانی نے بتایا کہ سکول سکیورٹی پر 10لاکھ ماہانہ اخراجات اٹھا رہا ہے اور دونوں شفٹوں میں 46سکیورٹی گارڈ حفاظتی فرائض سر انجام دیتے ہیں جبکہ 35سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے بھی چوبیس گھنٹے کام کرتے ہیں -

متعلقہ عنوان :