مصوری دنیا بھر کے دیگر مضامین میں دلچسپ ترین موضوع ہے، محمد یوسف شیخ

منگل 12 جون 2018 21:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جون2018ء) وفاقی وزیر برائے وزارت وفاقی تعلیم و فنی تربیت محمد یوسف شیخ نے کہا ہے کہ مصوری دنیا بھر کے دیگر مضامین میں دلچسپ ترین موضوع ہے۔ترقی یافتہ قومیں آرٹ اور آرٹسٹ کو معاشرے میں جو درجہ دیتے ہیں ترقی پذیر قومیں ان کی تقلید کر کے ترقی کی منزلیں طے کر سکتے ہیں۔ میں نے 1988میں پہلی دفعہ مصوری کو بطور مضمون چنا اور اس کے بعد سے آج تک مصوری میرا مشغلہ بن کر رہ گئی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل کالج آف آرٹ کے کیمپ آفس میں منعقدہ نمائش سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے اس موقع پر این سی اے کیمپ آفس اسلام آباد میں طلباء و طالبات کے نمائش نمونوں میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور ان کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ پرنسپل نیشنل کالج آف آرٹ پروفیسر مرتضیٰ جعفری نے اس موقع پر مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے وفاقی دارالحکومت میں نیشنل کالج آف آرٹ کیمپ آفس کے قیام کو خوش آئند قرار دیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ نیشنل کالج آف آرٹ اپنی نوعیت کا ایشیاء کا منفرد ادارہ ہے۔ جس کی تاریخ 200سال سے زائد پرانی ہے اس موقع پر مہمانوں کو این سی اے کی ڈاکومینٹری فلم بھی دکھائی گئی۔۔