پاکستان کوسٹ گارڈزکی اسمگلنگ کے خلاف مختلف کارروائیاں،کروڑوں روپے مالیت کی منشیات اور اسمگل شدہ سامان برآمد

بدھ 13 جون 2018 17:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2018ء) پاکستان کوسٹ گارڈز نے گزشتہ 15دنوں کے دوران مختلف کارروائیوں میں کروڑوں روپے مالیت کی منشیات ،اسمگل شدہ سامان اور ایرانی ڈیزل برآمد کرکی17 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے ۔ترجمان کوسٹ گارڈز کے مطابق ملک دشمن عناصر کی طرف سے اندرون/بیرون ملک اسمگلنگ کے بڑھتے ہوئے رجحان کو روکنے کے لیے پاکستان کوسٹ گارڈزنے اپنی ذمہ داری کے علاقوں میں گشت اور چیکنگ میں خاطر خواہ اضافہ کیا ہوا ہے۔

پاکستان کوسٹ گارڈز نے گذشتہ 15دنوں کے دوران مختلف جگہوں پر کارروائیاں کرتے ہوئے ناکہ کھاری چیک پوسٹ (بلوچستان) چیکنگ کے دوران مختلف مسافر کوچز سی22.5کلوگرام حشیش اور 480گرام ہیروئن(کرسٹل) برآمد کرکی10 اسمگرز کو گرفتار کرلیا جن سے مزید تفتیش جاری ہے ۔

(جاری ہے)

کراچی میں سپر ہائی وے کے قریب ٹرک کی تلاشی کے دوران 246بوری چھالیہ برآمد کی گئی اور 2افراد کو گرفتار کیا گیاجن سے مزید تفتیش جاری ہے ۔

وادر کے قریب شاہ جہان روڈ چیک پر چیکنگ کے دوران مسافر کوچ سے 225کلو گرم چھالیہ برآمد ہوئی ۔سمندر میں چیکنگ کے دوران ایک لانچ سے 4,500لیٹر اسمگل شدہ ڈیزل برآمد کیا۔پاک ایران بارڈر پر کارروائی کرتے ہوئی5تارکین وطن کو گرفتار کیا گیا یہ تمام پاکستانی شہری ہیں اور غیر قانونی طور پرایران جانے کی کوشش کر رہے تھے۔تمام اسمگل کی جانے والی منشیات ، غیر قانونی ڈیزل،چھالیہ اور 12اسمگلرز اور5تارکین وطن کو پاکستان کوسٹ گارڈز نے اپنی تحویل میںلے لیا ہے اور مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے ۔

پکڑی جانے والی منشیات ،متفرق اشیاء کی مالیت کروڑوں روپے ہے۔پاکستان کوسٹ گارڈز اس امر کا اعادہ کرتی ہے کہ مستقبل میںبھی اس طرح کی کاروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی تا کہ وطنِ عزیز کو اس لعنت سے نجات دلائی جا سکے اور اس مقصد کے حصول کے لئے تمام دستیاب وسائل کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لایا جائے گا۔