سرگودھا جھنگ روڈ پر مسافر بس اور ٹرک کے درمیان المناک تصادم میں 6 افراد جاں بحق ،21 شدید زخمی ہو گئے

بدھ 13 جون 2018 20:58

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جون2018ء) سرگودھا جھنگ روڈ پر مسافر بس اور ٹرک کے درمیان المناک تصادم میں 6 افراد جاں بحق جبکہ21 شدید زخمی ہو گئے، تفصیلات کے مطابق سرگودھا سے ملتان جانیوالی مسافروں سے بھری بس نمبر 8285 مخالف سمیت سے آنیوالے ڈمپر ٹرک نمبری3335 ایل ای ایس کے ساتھ تیز رفتاری کے باعث ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں چھ افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جن میں بس کنڈیکٹر بھی شامل ہے ،جبکہ حادثہ میں 21 افراد شدید زخمی ہو ئے جن میں چھ کی حالت نازک بتائی گئی ہے، پولیس کے مطابق حادثہ دونوں گاڑیوں کے ڈرائیوروں کی غلطی اور لا پرواہی سے پیش آیا، مرنے والوں میں بس کنڈیکٹر محمد عمران کے علاوہ عامر شہزاد، ہاشم ، محمد بخش ، فیاض احمد ، سجاد شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں خضر حیات ، صغیر،آصف عدیل ، قیصر عباس، محمد علی ، ثقلین، مشتاق، محمد عمران وغیرہ شامل ہیں، حادثہ کا شکار بس اوور لوڈ تھی ، دونوں گاڑیوں کے ڈرائیور حادثہ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ، مرنے والوںکی نعشیں ضروری کاروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئی جبکہ تمام زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال سرگودھا منتقل کر دیا گیا ہے، اور حادثہ کا مقدمہ درج کر کے کاروائی شروع کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء صدر پولیس نے حادثہ کامقدمہ دونوں گاڑیوں کے ڈرائیوروں کیخلاف درج کرلیاہے۔