کے پی فوڈ اتھارٹی کا عید سے قبل بیکریوں کیخلاف کریک ڈان

ذخیرہ اندوزی کی مد میں معیار گرانے والوں کا سدباب کیا جائیگا، اتھارٹی حکام عید میں بھی فرائض انجام دینگے، بیکری مالکان اپنا قبلہ درست کرلیں، تیارشدہ مال کی چیکنگ کل سے جاری ہے، غیرمعیاری تمام آئٹمزبروقت ضائع کئے جائینگے،ترجمان خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی

بدھ 13 جون 2018 21:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2018ء) خیبرپختونخوا فوڈسیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے عید سے قبل بیکری روزگار سے وابستہ افراد کو متنبہ کرتے ہوئے اعلامیہ جاری کیا ہے کہ پشاور سمیت صوبے بھر میں عید کیلئے بیکری سٹاک بناتے وقت کے فوڈ اتھارٹی کے رائج حفظان صحت کے اصولوں کو ملحوظ خاطر رکھا جائے اور ذخیرہ اندوزی کی مد میں خوراک کے معیار پر ہزگز سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

ترجمان خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی عطااللہ خان کے مطابق کے پی فوڈ اتھارٹی نے رمضان کے آخری ہفتے میں بیکریوں کیخلاف خصوصی کریک ڈان کا آغاز کیا ہے جس میں اب تک صوبہ بھر میں سینکڑوں بیکریوں کی چیکنگ ہوچکی ہے جبکہ آئندہ دو دنوں میں یہ کریک ڈان اور بھی شدید ہوگا۔

(جاری ہے)

عوام کو صاف اور معیاری سویٹس کی فراہمی کیلئے فوڈ اتھارٹی کے افسران عید میں بھی فرائض سرانجام دینگے جبکہ عوامی شکایات کے طریقہ کار کو مزید موثر بنانے کیلئے ایمرجنسی نمبروں کا اجرا بھی کیا گیا ہے۔

ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ فوڈ اتھارٹی کی جانب سے بیکری روزگار سے وابستہ تمام افراد کو تنبییہ دی جاتی ہے کہ جتنا بھی سٹاک تیار کریں اس کا معیار حفظان صحت کے اصولوں پر پورا اترتا ہو باالفاظ دیگر تمام مال کو تحویل میں لیکر ضائع کیا جائے گا۔ ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عید کے دوران صوبہ میں موجود تمام دفاتر فعال ہونگے اور کسی بھی شکایت کے ازالے کیلئے ہمہ وقت تیار رہینگے۔