سابق صوبائی وزیر جیل خانہ جات چوہدری عبدالغفور کا مسلم لیگ ن چھوڑنے کا فیصلہ

جمعرات 14 جون 2018 17:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء اور سابق صوبائی وزیر جیل خانہ جات چوہدری عبدالغفور نے پاکستان مسلم لیگ ن چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے اس فیصلے کی وجہ سابق اراکین اسمبلی ملک افضل کھوکھر اور سیف الملوک کھوکھر سے باہمی اختلافات ہیں جن کی بدولت پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے چوہدری عبدالغفور کو الیکشن 2018 ء کے سلسلے میں پارٹی ٹکٹ جاری نہیں کیا گیا جس کے باعث چوہدری عبدالغفور نے مسلم لیگ ن کو خیر آباد کہنے کا فیصلہ کرلیا ہے چوہدری عبدالغفور کا کہنا ہے کہ انہیں پارٹی کے موجودہ بیانیہ سے اختلافات ہیں انہوں نے کہا کہ ووٹ کو عزت دلانے والے ورکر کو عزت دینے کا بھی سوچیں انہوں نے کہا کہ اداروں کیخلاف پارٹی قیادت کا توہین آمیز رویہ ان کی سمجھ سے باہر ہے جس کی وجہ سے انہوں نے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ چند روز قبل چوہدری عبدالغفور نے مسلم لیگ ن کے پارلیمانی بورڈ میں ٹکٹ کیلئے انٹرویو دیا تھا جس میں سابق وزیراعظم نواز شریف نے باقاعدہ سرزنش کی تھی۔