Live Updates

آئندہ 24گھنٹے انتہائی اہم قرار

کلثوم نواز کے بارے ہسپتال سے بڑی خبر آگئی

جمعہ 15 جون 2018 13:13

آئندہ 24گھنٹے انتہائی اہم قرار
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد ،ْ سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کی طبیعت خراب ہونے کے بعد انہیں ایک بار پھر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ،ْجہاں وہ مصنوعی تنفس (وینٹی لیٹر) پر ہیں اور ڈاکٹروں کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے انتہائی اہم ہیں۔بیگم کلثوم نواز کو گھر پر چیک کرنے والے ڈاکٹرز نے گزشتہ روز ان کا معائنہ کرنے کے بعد کمزوری کے باعث انہیں ہسپتال منتقل کرنے کا مشورہ دیا تھا جس کے بعد سابق خاتون اول کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

کلثوم نواز کو گزشتہ رات طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال کے ایمرجنسی یونٹ منتقل کیا گیا تھا، جہاں سے پھر انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) شفٹ کیا گیا، آئی سی یو میں کلثوم نواز دل کی تکلیف کے باعث گر پڑیں جس کے بعد انہیں مصنوعی تنفس پر منتقل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق نواز شریف کو ہیتھرو ایئرپورٹ پر بیگم کلثوم کی طبیعت سے متعلق آگاہ کیاگیا۔

لندن میں لینڈ کرتے ہی نواز شریف اور مریم نواز سیدھے ہسپتال گئے، جہاں انہوں نے بیگم کلثوم نواز کی عیادت کی۔ڈاکٹروں نے سابق وزیراعظم کو بیگم کلثوم نواز کی طبیعت سے متعلق بریفنگ دی، جس کے بعد نواز شریف اور مریم نواز ہسپتال سے روانہ ہوئے۔ روانگی کے وقت مریم نواز آبدیدہ تھیں۔شریف خاندان نے قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ کلثوم نواز کی صحتیابی کیلئے دعا کریں۔

نواز شریف کے بیٹے حسین نواز اور مریم نواز نے قوم سے دعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان کی والدہ کلثوم نواز کی حالت نازک ہے۔نواز شریف کے چھوٹے بھائی اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ کلثوم نواز کو نازک حالت کے باعث آئی سی یو میں رکھا گیا ہے اور پورا خاندان کلثوم نواز کیلئے دعائیں کررہا ہے۔انہوں نے ہم وطنوں سے اپیل کی کہ ان بابرکت دنوں میں کلثوم نواز کی جلد صحتیابی کی دعا کریں۔خیال رہے کہ کینسر کے عارضے میں مبتلا بیگم کلثوم نواز گزشتہ کئی ماہ سے علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں جہاں ان کی کئی کیمو تھراپیز ہو چکی ہیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات