پنجاب کی نگران حکومت نے کابینہ میں توسیع کر لی‘4نگران وزرا نے حلف اٹھا لیا

حلف اٹھانے والوں میں سعید اللہ بابر، سردار تنویر الیاس خان، میاں نعمان کبیر، چوہدری فیصل مشتاق شامل نگران حکومت فری اینڈ فیئر الیکشن کرانے کیلئے آخری حد تک جائے گی، شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے‘نگران وزیر اعلیٰ

جمعہ 15 جون 2018 17:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 جون2018ء) پنجاب کی نگران حکومت نے کابینہ میں توسیع کر لی‘4نگران وزرا نے حلف اٹھا لیا،حلف اٹھانے والوں میں سعید اللہ بابر، سردار تنویر الیاس خان، میاں نعمان کبیر، چوہدری فیصل مشتاق شامل ہیں۔حکومت پنجاب نے چار نئے وزیروں کو وزارتیں سونپنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔ سعید اللہ کو ہاؤسنگ کوآپریٹیو اور ماحولیات، سردار تنویر الیاس خان کو زراعت، فوڈ، ترقیاتی و منصوبہ بندی، میاں نعمان کبیر کو لیبر، لوکل گورنمنٹ، ٹرانسپورٹ، چوہدری فیصل مشتاق کو ہائیرایجوکیشن، اسکولز، سپیشل ایجوکیشن، لیٹریسی کی وزارت سونپنے کی منظوری دی گئی۔

دوسری جانب نگران وزیر اعلیٰ حسن عسکری کی کی صدارت میں کابینہ اجلاس ہوا ۔ کابینہ کے اجلاس میں نئے چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کمشنرز،سیکرٹریز اور پولیس افسران تقرر و تبادلوں سے متعلق معاملات، انتخابات کے انتظامات اور سکیورٹی پلان بھی زیر غور آئے ۔قبل ازیں نگران وزیراعلیٰ پنجاب سے چیف سیکرٹری پنجاب اکبر درانی اور آئی جی پنجاب کلیم امام کی ملاقات ہوئی، جس میں آزادانہ ، شفاف اور منصفانہ الیکشن کے انعقاد کو ہر قیمت پریقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

ڈاکٹرحسن عسکری کا کہنا تھا نگران حکومت فری اینڈ فیئر الیکشن کرانے کیلئے آخری حد تک جائے گی، شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، آپ پروفیشنل آفیسرز ہیں، آپ نے اپنی ذمہ داریاں پیشہ وارانہ انداز میں ادا کرنی ہے۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ عام انتخابات کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع فراہم کریں گے، آپ کی کارکردگی بولے گی تو کوئی انگلی نہیں اٹھا سکے گا، امن وامان کی صورتحال کو یقینی بنانے کیلئے بھی ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔