نوازشریف کی بیگم کلثوم نوازکی صحت یابی کیلئے دعا کی اپیل

کلثوم نوازوینٹی لیٹرپرہیں، قوم دعا کرے کہ اللہ بیگم کلثوم نواز کو جلد صحت عطا فرمائے،سابق وزیراعظم نوازشریف کی اپیل

sanaullah nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ جون 18:46

نوازشریف کی بیگم کلثوم نوازکی صحت یابی کیلئے دعا کی اپیل
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 جون 2018ء) : پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اورسابق وزیراعظم نوازشریف نے قوم سے بیگم کلثوم نوازکی صحت یابی کیلئے دعا کی اپیل کردی ہے۔ انہوں نے کہا کی دعا کریں کہ اللہ بیگم کلثوم نواز کو صحت دے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف اپنی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی خیریت دریافت کرنے اور ان کے ساتھ عید الفطر منانے کیلئے لندن گئے ہوئے ہیں۔

نوازشریف ابھی لندن پہنچے ہی تھے کہ انہیں بیگم کلثوم نواز کی انتہائی خراب طبیعت کی اطلاع ملی۔ جس پرنواز شریف ایئرپورٹ سے سیدھے اسپتال گئے اور ڈاکٹروں سے کلثوم نواز کی طبیعت سے متعل دریافت کیا۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کل صبح ہفتے کے روز لندن روانہ ہوں گے۔

(جاری ہے)

وہ اپنی بھابھی بیگم کلثوم نواز کی طبیعت کی خرابی کے باعث لندن روانہ ہو رہے ہیں۔

جہاں وہ بیگم کلثوم نواز کی خیریت دریافت کریں گے ۔ میاں شہباز شریف عید الفطر مسلم لیگ (ن ) کےقائد نوازشریف اور انکے اہل خانہ کے ہمراہ لندن ہی میں منائیں گے۔ واضح رہے سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کی طبیعت خراب ہونے کے بعد انہیں ایک بار پھر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جہاں وہ مصنوعی تنفس (وینٹی لیٹر) پر ہیں اور ڈاکٹروں کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے انتہائی اہم ہیں۔

بیگم کلثوم نواز کو گھر پر چیک کرنے والے ڈاکٹرز نے گزشتہ روز ان کا معائنہ کرنے کے بعد کمزوری کے باعث انہیں ہسپتال منتقل کرنے کا مشورہ دیا تھا جس کے بعد سابق خاتون اول کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔۔کلثوم نواز کو گزشتہ رات طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال کے ایمرجنسی یونٹ منتقل کیا گیا تھا، جہاں سے پھر انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) شفٹ کیا گیا، آئی سی یو میں کلثوم نواز دل کی تکلیف کے باعث گر پڑیں جس کے بعد انہیں مصنوعی تنفس پر منتقل کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کو ہیتھرو ایئرپورٹ پر بیگم کلثوم کی طبیعت سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ لندن میں لینڈ کرتے ہی نواز شریف اور مریم نواز سیدھے ہسپتال گئے۔ جہاں انہوں نے بیگم کلثوم نواز کی عیادت کی۔ ڈاکٹروں نے سابق وزیراعظم کو بیگم کلثوم نواز کی طبیعت سے متعلق بریفنگ دی، جس کے بعد نواز شریف اور مریم نواز ہسپتال سے روانہ ہوئے۔

روانگی کے وقت مریم نواز آبدیدہ تھیں۔شریف خاندان نے قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ کلثوم نواز کی صحتیابی کیلئے دعا کریں۔ نواز شریف کے بیٹے حسین نواز اور مریم نواز نے قوم سے دعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان کی والدہ کلثوم نواز کی حالت نازک ہے۔۔نواز شریف کے چھوٹے بھائی اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ کلثوم نواز کو نازک حالت کے باعث آئی سی یو میں رکھا گیا ہے اور پورا خاندان کلثوم نواز کیلئے دعائیں کررہا ہے۔ انہوں نے ہم وطنوں سے اپیل کی کہ ان بابرکت دنوں میں کلثوم نواز کی جلد صحتیابی کی دعا کریں۔ خیال رہے کہ کینسر کے عارضے میں مبتلا بیگم کلثوم نواز گزشتہ کئی ماہ سے علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں جہاں ان کی کئی کیمو تھراپیز ہو چکی ہیں۔