جہلم ،ضلع میں ٹکٹوں کی غلط تقسیم کے خلاف مسلم لیگ ن ورکرز گروپ کی طرف سے احتجاجی ریلی،سینکڑوں کارکنوں کی شرکت،

پیر 18 جون 2018 20:50

جہلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جون2018ء) ضلع جہلم میں ٹکٹوں کی غلط تقسیم کے خلاف مسلم لیگ ن ورکرز گروپ کی طرف سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں سینکڑوں کارکنوں کی شرکت،جبکہ چوک شاندار میں حلقہ این اے 66سے مسلم لیگ ن کے امیدوار بلال اظہر کیانی ،حلقہ پی پی 26سے چوہدری سعید اقبال ،وائس چیئرمین بلدیہ چوہدری مقبول حسین،مسلم لیگ ن کے ضلعی جنرل سیکرٹری حافظ اعجاز محمود جنجوعہ،انجمن تاجران کے سینئر نائب صدر خواجہ ناصر ڈار،مسلم لیگ ن کے سٹی صدر شاہد رسول ڈار،سابق ایم پی اے شیخ تنویر احمد،تبسم شاہین ڈار،چیئرمین یونین کونسل چوہدری غلام جعفر،میاں اسد سلطان،کونسلر بلدیہ راجہ ظفراقبال ،اسلام کھوکھر کے علاوہ سینکڑوں نوجوان اور مسلم لیگ کے کارکن موجود تھے۔

مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے 1985سے مسلم لیگ ن کیلئے قربانیاں دی ظلم برداشت کیے جیلیں کاٹیں لیکن آمر کے سامنے سر نہیں جھکایا اور مسلم لیگ ن کے قائدین کے قدم پر چلتے ہوئے مسلم لیگ ن کو ہر دفعہ ضلع سے کلین سویپ کروایا ،انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی طرف سے بنائی گئی الیکشن کمیٹیوںکے فیصلے کو ہم نہیں مانتے،کیونکہ ہمیں قائدین کے سامنے پیش ہونے کا موقع ہی نہیں دیا گیا،جبکہ یہ فیصلہ کمیٹی اور گجر مافیا کے مابین ایک ڈیل ہے جس کو ہم نہیں مانتے کیونکہ ہمارے قائد میاں نوازشریف ایک طرف تو ورکروں کا عزت دینے کا کہتے ہیں اور دوسری طرف جماعتیں بدلنے والوںکو ٹکٹ جاری کیے جاتے ہیں ،مسلم لیگ ن کسی کی بھی میراث نہیں ہے اور نہ ہی وراثت ہے ،کیونکہ ٹکٹوں کی غلط تقسیم ہوئی ہے جبکہ اس کے حقدار بلال اظہر کیانی،چوہدری سعید اقبال اور راجہ محمد اویس خالد تھے لیکن کمیٹی نے مل جل کر غلط لوگوں کو ٹکٹ تقسیم کر دیئے اگر دو دنوں میں ہمارے ساتھ مشاورت کے بغیر ٹکٹ انہی لوگوں کے پاس رہے تو مسلم لیگ ن ورکرز گروپ کا کوئی ووٹرز اپنا ووٹ ان کو نہیں ڈالے گا،جبکہ ہم آئندہ اپنی حکمت عملی کا اعلان کریںگے کیونکہ اگر ہمارے قائدین نے ہمیں الیکشن کمیٹی کا محتاج بنانا ہے تو ہم ہو سکتا ہے کوئی لائحہ عمل بنا کر حلقہ این اے 66،پی پی 25اور 26میں اپنے آزاد امیدوار کھڑے کر کے انشاء اللہ الیکشن جیت کر دکھائیںگے۔

(جاری ہے)

کیونکہ پارٹی ورکروں کی ہوتی ہے اور ورکر پارٹی کا گلدستہ ہوتے ہیں۔جس سے پارٹی کا مقام بنتا ہے،اس لیے ہمارے قائدین اس ضمن میں حقداروں کو ان کا حق دے کر ضلع جہلم کی سابقہ روایات کو برقرار رکھیں اسی میں مسلم لیگ ن کافائدہ ہے۔اس موقع پر تمام شرکاء نے تقاریر سے پہلے خاتون اول محترمہ کلثوم نواز کی صحت یابی کیلئے اجتماعی دعا کی۔