بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ اب حقیقت بنتا نظر آرہا ہے ، چین دنیا میں معیشت کیلئے نئے دروازے کھول رہاہے ، ہم تمام ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کوبھی تیا رہیں ، عظیم منصوبے سے تمام ممالک کے عوام کیلئے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی

چینی وزیر اطلاعات جیانگو جیانگ کا بیجنگ میں منعقدہ دوسری بیلٹ اینڈ روڈجرنلسٹ کانفرنس سے خطاب بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے تحت پاکستان میں سی پیک پر کام جاری ہے ،یہ منصوبہ بہت اہمیت کا حامل ہے اس پر تعاون جاری رہے گا، صدر آل چائینہ جرنلسٹ ایسوسی ایشن

بدھ 20 جون 2018 19:50

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جون2018ء) چینی وزیر اطلاعات جیانگو جیانگ نے کہا ہے کہ2013میں پیش کیا جانے والابیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ اب ایک حقیقت بنتا نظر آرہا ہے ،چین دنیا میں معیشت کیلئے نئے دروازے کھول رہا ہے ہم تمام ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیا رہیں جبکہ آل چائینہ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے صدر زانگ یانگ کاکہنا ہے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے تحت پاکستان میں سی پیک پر کام جاری ہے یہ منصوبہ بہت اہمیت کا حامل ہے اس پر تعاون جاری رہے گا۔

بدھ کو بیجنگ میں منعقدہ دوسری بیلٹ اینڈ روڈجرنلسٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چینی وزیر جیانگو جیانگ نے کہاکہ بیلٹ اینڈ روڈ جرنلسٹ فورم میں تمام ممبران کو دیکھ کر خوشی ہورہی ہے اس کانفرنس سے تمام ممالک کے مابین تعلقات کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہاکہ 2013میں پیش کیا جانے والایہ منصوبہ اب ایک حقیقت بنتا نظر آرہا ہے ۔

چین دنیا میں معیشت کیلئے نئے دروازے کھول رہا ہے ہم تمام ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیا رہیں، اس منصوبے سے تمام ممالک کے عوام کیلئے ترقی کیلئے نئے دروازے کھلیں گے ۔ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ معلومات کا تبادلہ کرنا چاہیے تاکہ اس فورم کا فائدہ عوام کو بھی ہو۔تعاون کے ذریعے ہی ہماری معیشت ترقی کرسکتی ہے ۔اس موقع پر آل چائینہ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے صدر زانگ یانگ نے کہا کہ میں خصوصی طور پر پاکستان کا ذکر کیااور کہاکہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے تحت پاکستان میں سی پیک پر کام جاری ہے یہ منصوبہ بہت اہمیت کا حامل ہے اس پر تعاون جاری رہے گا۔

کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے سٹیٹ کونسل آفس کے سربراہ ،آل چائینہ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے صدر جانگ یانگ،روسی یونین آف جرنلسٹ کے صدر،افریقین یونین آف جرنلسٹ کے صدر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ بیلٹ اینڈ روڈ جرنلسٹ کانفرنس میں 55ممالک سے تعلق رکھنے والی صحافتی تنظیموں نے منصوبے میں تعاون پر اتفاق کیا ۔کانفرنس میں پاکستان ،روس،ترکی،سری لنکا،سوئٹرزلینڈ،پولینڈ،نیپال ،ملائیشیا،تھائی لینڈ اور بنگلہ دیش سمیت دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے صحافتی تنظیموں کے سربراہ اور دیگر شریک تھے ۔

چین سمیت دیگر ممالک کی صحافتی تنظیموں کی مشترکہ کانفرنس میں بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے سے متعلق خبروں کیلئے تعاون اور منصوبے سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔مقررین کا کہناتھاکہ ہمیں یقین ہے کہ منصوبے کا آغا ز خدمات کا نیا پلیٹ فارم فراہم کرے گااور شریک ممالک کے درمیان تعاون میں کلیدی کردار کا حامل ہوگا۔منصوبے میں توسیع سے کمیونیکیشن اور سیکھانے کے مواقعے میں اضافہ کے ساتھ ساتھ میڈ یا تنظیموں اور صحافیوں کے درمیان تعلقات کے فروغ کا باعث بنے گا۔کانفرنس کے شرکا نے کانفرنس کے مثبت نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا۔کانفرنس کے دوران مختلف ممالک کی صحافتی تنظیموں کے درمیان تعاون کے معاہدے بھی ہوئے ۔