آزاد کشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو اس کا ریلیف مل سکے،سردار مسعود خان

جمعرات 21 جون 2018 17:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2018ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو اس کا ریلیف مل سکے اور وہ جلد از جلد ان منصوبوں سے مستفید ہو سکیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ممبر کشمیر کونسل عبدالخالق وصی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو صدارتی بلاک کشمیر ہائوس اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ روڈ انفراسٹرکچر کی تعمیر سے جہاں آزاد کشمیر کے لوگوں کو بہتر سفری سہولیات دستیاب ہوں گی وہاں سیر و سیاحت کو بھی فروغ ملے گا اور آزادکشمیر سیاحوں کیلئے پرکشش سیاحتی مقام بن جائے گا ۔صدر نے کہا کہ لوگوں کو پینے کا صاف پانی کی فراہمی کو بھی ترجیح بنیادوں پر یقینی بنایا جائے گا۔ صدر نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں حالیہ جاری ظلم و جبر کی نئی لہر پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور بھارتی مظالم کی سخت مذمت کی اور اقوام متحدہ بین الاقوامی برادری سے موجودہ صورتحال کا نوٹس لینے کی اپیل کی۔