ترکمانستان کے سفیرعطاء جان معلموف کا ایسی ایٹڈ پریس آف پاکستان اسلام آباد ہیڈ آفس کا دورہ ، منیجنگ ڈائریکٹر مسعود ملک سے ملاقات

جمعرات 21 جون 2018 19:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2018ء) پاکستان میں ترکمانستان کے سفیرعطاء جان معلموف نے قومی خبر رساں ادارے ایسی ایٹڈ پریس آف پاکستان اسلام آباد ہیڈ آفس کا دورہ کیا اور منیجنگ ڈائریکٹر مسعود ملک سے ملاقات کی۔ بات چیت کے دوران باہمی دلچسپی کے امور زیر بحث لائے گئے۔ ترکمانستان کے سفیر نے اپنے صارفین اور دیگر سورسس کو معتبر خبروں کی ترسیل کیلئے اے پی پی کی خدمات کو سراہا۔

انہوں نے ایم ڈی مسعود ملک کو ترکمانستان کے قومی خبر رساں ادارے ترکمن نیوز سروس کے بارے میں بریف کیا۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران دونوں خبر رساں اداروں کے کام کی نوعیت اور آپریشنز پر بحث کی گئی جبکہ سفیر نے خبروں کے مؤثر اور بامعنی تبادلے کی غرض سے ترکمن نیوز ایجنسی کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کیلئے ترکمانستان آنے کی دعوت دی۔ انہوں نے صحافیوں اور عملہ کے تربیتی پروگرام اور باہمی تبادلے کیلئے کام کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ سفیر کا کہنا تھا کہ دونوں خبر رساں اداروں کے درمیان تعاون اور معلومات کے تبادلے سے دونوں ملکوں کے عوام کو قریب لانے میں مدد ملے گی۔ بعد ازاں منیجنگ ڈائریکٹر اے پی پی نے ترکمانستان کے سفیر کو اے پی پی کی شیلڈ پیش کی۔

متعلقہ عنوان :