بینظیر بھٹو شہید کے فلسفہ پر عمل وقت کی اہم ضرورت ہے، حاجی عزیز الرحمن چن

جمعرات جون 20:30

لاہور۔21 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جون2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے صدر حاجی عزیز الرحمن چن نے کہا ہے کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے فلسفہ پر عمل وقت کی اہم ضرورت ہے،ان کا نام وطن عزیز کی سیاسی تاریخ کا ایک معتبر، ناقابل فراموش اور لافانی حوالہ بن چکا ہے، انہوں نے دنیا بھر میں سبز ہلالی پرچم کی توقیر اور سربلندی میں اضافہ کیا اور اپنے والد کے ویژن کے مطابق ملکی سیاست میں ایک نئے رجحان اور مزاج کی بنیاد رکھی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی لاہور آفس میں محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی سالگرہ کے حوالے سے کیک کٹنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے سیکرٹری جنرل اسرار الحق بٹ، سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی، عدنان گورسی، ملک زاہد اقبال، حق نواز، تیمور مغل، کے ڈی رانا، شکیل میر چنی، زاہد علی شاہ، یاسر بارا اور حافظ اشرف کے علاوہ دیگر مقامی عہدیداران اور کارکنان نے شرکت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی جماعت ہے اُس نے عوام کے مسائل سے کبھی راہِ فرار اختیار نہیں کیا یہ ہی وجہ ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہر سطح پر بھرپور احتجاج کر کے عوام مسائل کے حل کے لئے کاوشیں کیں۔