عام انتخابات 2018ء کے سلسلے میں ضلع شہیدبینظیرآباد میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر مقرر

جمعرات 21 جون 2018 20:40

ْ نواب شاہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے عام انتخابات 2018ء کے سلسلے میں ملک بھر کی طرح ضلع شہیدبینظیرآباد میں بھی الیکشن کے عمل کو شفاف بنانے اور الیکشن قوانین پر عملدرآمد کرانے کے ساتھ الیکشن میں حصہ لینے والی جماعتوں وامیدواروں کی نگرانی کرنے کے لئے ڈپٹی کمشنرکو ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر مقرر کیا گیا ہے جس کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔

ٹیم میں پی ایس 37 شہیدبینظیرآباد I کے لئے ارشاد احمد تنیو تعلقہ ایجوکیشن افسردوڑ اور مقبول احمد ڈپٹی ڈسٹرکٹ اٹارنی شہیدبینظیرآباد، پی ایس 38 شہیدبینظیرآباد II کے لئے جاوید اختر مغل ڈپٹی ڈائریکٹرسوشل ویلفئیراور شاہ نواز بابر ڈپٹی ڈسٹرکٹ اٹارنی شہیدبینظیرآباد ، پی ایس 39 شہیدبینظیرآباد III ، کے لئے روی کمار لیکچرار قائدعوام انجنئیرنگ یونیورسٹی نواب شاہ اور عبدالقادر لکھمیر تعلقہ ایجوکیشن افسر سکرنڈ جبکہ پی ایس 40 شہیدبینظیرآباد IV، کے لئے ریاض احمد میمن ایوی پی نیشنل بینک قاضی احمد اور عبدالجلیل لاشاری ڈائریکٹر سیکنڈری ایجوکیشن شہیدبینظیرآباد کو مانیٹرنگ ٹیم کا ممبر مقرر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

مانیٹرنگ ٹیم کے ممبران کو ہدایت دیں گئی ہیں کہ عام انتخابات کے سلسلے میں سیاسی جماعتوں ودیگر امیدواروں کی جانب سے منعقد ہونے والی ریلیوں ،جلسوں ودیگر انتخابی سرگرمیوں کی نگرانی کریں اورسیاسی جماعتوں اور امیدواروں کی جانب سے مقرر کردہ سائز سے بڑے بینر و پینا فلیکس لگانے کے علاوہ دیگرانتخابی قوانین کی خلاف ورزی کی رپورٹ فوری طور پر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ پروفارمہ پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر کو ارسال کریں تاکہ انتظامیاں کے تعاون سے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی کرکے انتخابی قوانین پر عمل کرایا جا سکے۔