نگران صوبائی وزیرچوہدری فیصل مشتاق کا محکمہ بہبود آبادی اور سماجی بہبود و بیت المال کا دورہ

شفاف اور آزاد الیکشن کا انعقاد نگران حکومت کی اولین ترجیح ہے۔چوہدری فیصل مشتاق

جمعرات 21 جون 2018 20:40

لاہور۔21 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2018ء) نگران صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور، بہبود آبادی اور سماجی بہبود و بیت المال چوہدری فیصل مشتاق نے کہا ہے کہ الیکشن کا انعقاد قومی ذمہ داری ہے جسے بطریق احسن سرانجام دیا جائے گا، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق انتخابات کے پر امن انعقاد کیلیے اپنابھرپور کردار ادا کریں گے، نگران وزیر نے محکمہ بہبود آبادی اور سماجی بہبود و بیت المال کا دورہ کیا اور اہم اجلاس کی صدارت کی ۔

اجلاس کے دوران سیکرٹری بہبود آبادی امبرین رضا اور سیکرٹری سوشل ویلفئیر نبیل جاوید نے اپنے اپنے اداروں کی کارکردگی، اہداف، درپیش چیلنجز اور مختلف منصوبوں کے متعلق جامع بریفنگ دی۔ اجلاس کے اختتام پر نگران وزیر نے اداروں کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور کارکردگی کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل بہبودآبادی نعیم الدین راٹھور ، ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفئیر ساجد ظفر اور دیگر افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگران صوبائی وزیر فیصل مشتاق نے اداروں کی کارکرگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ بہبود آبادی اور سوشل ویلفئیر وہ ادارے ہیں جو حقیقی معنوں میں عوام کی فلاح اور سماجی بہبود کے لئیے کام کر رہے ہیں اور ملازمین کی اپنے کام میں دلچسپی اور لگائو دیکھ کر خوشی ہوئی۔ فیصل مشتاق نے کہا کہ نگران سیٹ اپ کا بنیادی مقصد الیکشن کا انعقاد ہے جس کے لئیے الیکشن کمیشن کی جانب سے دئیے جانے والے ضابطے کے مطابق اقدامات کئیے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ خدا کی جانب سے دئیے جانے والے اس موقع سے فائدہ اٹھائیں گے اور ع لوگوں کی بہتری اور فلاح کے لئیے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے۔