الیکشن کمیشن کا امیدواروں کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کرنا خوش آئند ہے،سید جیلان شاہ

جمعرات 21 جون 2018 22:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جون2018ء) تحریک لبیک پاکستان کے مرکزی رہنما اور امیدوار قومی اسمبلی حلقہ 244 سید جیلان شاہ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے امیدواروں کے اثاثہ جات کی تفصیل جاری کرنا خوش آئند امر ہے۔بڑے بڑے سیاسی رہنماؤں اور قومی قائدین کے اثاثوں کی تفصیلات دیکھ اور سن کر عوامی کی آنکھیں کھلی کی کھلی رہ گئیں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دھوراجی کالونی میں اپنے مرکزی الیکشن آفس کے افتتاح کے بعد کارکنان اور عوام کی کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ عوام کو اب یہ سوچنا پڑے گا کہ اربوں روپے کی جائیدادیں رکھتے ہوئے عام آدمی سے بھی کم ٹیکس دینے والے یہ سیاسی مداری عوام کی نمائندگی کے حق دار کیسے ہوسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اثاثوں اور ٹیکس ادائیگی کے اس حمام میں تمام روایتی سیاسی جماعتوں کے رہنماء اور قائدین کا حال ایک جیسا ہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے خون پسینے کی کمائی پر پلنے والے یہ گدھ عوام کا مزید خون نچوڑنے کے لئے اپنی اڑان بھررہے ہیں لیکن اس بار عوام ان گدھ صفت سیاست دانوں کو مسترد کردیں گے۔کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے سید جیلان شاہ نے مزید کہا کہ تحریک لبیک پاکستان کی قیادت اور امیدوار98 فیصد عوام کے طبقے سے تعلق رکھتے ہیں اور یہی امیدوار مظلوم عوام کی حقیقی نمائندگی کے حق دار ہیں۔ تحریک لبیک پاکستان ملک میں اسلامی نظام قائم کرکے پاکستان کے عوام کی تقدیر بدلے گی اور ملک و قوم ترقی کے منازل طے کرتے ہوئے دنیا کی قیادت میں اپنا حصہ لے گی۔#