ایاز صادق کے قبل از انتخابات دھاندلی الزامات، ریٹرننگ آفیسر کیخلاف چیف الیکشن کمشنر کو خط

ریٹرننگ آفیسر مکمل طور پر جانبدار ہیں،میرے سیاسی مخالف علیم خان کو سپورٹ کر رہے ہیں،مجھے ذاتی طور پر کاغذات کی جانچ پڑتال کے لیے بلایا گیا، جبکہ علیم خان کو استثنی دے دیا گیا،سابق اسپیکر قومی اسمبلی کا چیف الیکشن کمشنر کو خط

جمعہ 22 جون 2018 12:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قبل از انتخابات دھاندلی کے الزامات لگا تے ہوئے چیف الیکشن کمشنر کو لاہور کے حلقہ این اے 129 کے ریٹرننگ آفیسر کے خلاف شکایت کر دی اور کہا ہے کہ ریٹرننگ آفیسر مکمل طور پر جانبدار ہیں،میرے سیاسی مخالف علیم خان کو سپورٹ کر رہے ہیں،مجھے ذاتی طور پر کاغذات کی جانچ پڑتال کے لیے بلایا گیا، جبکہ علیم خان کو استثنی دے دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے لاہور کے حلقہ این اے 129 کے ریٹرننگ آفیسر غلام مرتضی اپل کے خلاف شکایت کی ہے ۔ایاز صادق نے چیف الیکشن کمشنر کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ ریٹرننگ آفیسر مکمل طور پر جانبدار ہیں اور میرے سیاسی مخالف علیم خان کو سپورٹ کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے خط میں مزیدکہا ہے کہ مجھے ذاتی طور پر کاغذات کی جانچ پڑتال کے لیے بلایا گیا، جبکہ علیم خان کو استثنی دے دیا گیا، ہمارے احتجاج پر علیم خان کو 19جون کو بلایا گیا ۔ایاز صادق کا اپنے خط میں مزید کہنا ہے کہ علیم خان کے پیش ہونے پر ریٹرننگ آفیسر نے کہا کہ اپ کیوں آئے، آپ جائیں اپنی مہم چلائیں، علیم خان کو کہا گیا کہ آپ کے کاغذات منظور ہو چکے ہیں۔

انہوں نے چیف الیکشن کمشنر کو لکھے گئے خط میں مزید کہا ہے کہ مجھ سے انتہائی توہین آمیز سوالات کیے گئے جن کا کاغذات کی جانچ پڑتال سے تعلق نہ تھا، میرے غیر ملکی دوروں کی تفصیلات اور ترقیاتی کام کے متعلق غیر ضروری سوالات کیے گئے۔سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ ریٹرننگ آفیسر غلام مرتضی اپل کو تبدیل کیا جائے، اگر یہ ریٹرننگ آفیسر برقرار رہے تو یہ قبل از انتخابات دھاندلی ہوگی، اس ریٹرننگ آفیسر کی طرف سے اعلان کردہ انتخابی نتائج کو تسلیم نہیں کریں گے۔