این اے 53 ،ْ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان نے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ چیلنج کردیا

ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے الیکشن لڑنے کی اجازت دی جائے، اپیلٹ ٹریبونل سے استدعا جان بوجھ کر کوئی حقائق نہیں چھپائے، کاغذات نامزدگی کے فارم میں درستگی کیلئے تیار ہوں، آر او نے قانون کی غلط تشریح کر کے کاغذات مسترد کئے ،ْدرخواست گزار

جمعہ 22 جون 2018 13:23

این اے 53 ،ْ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان نے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2018ء) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف ایپلٹ ٹریبونل میں اپیل دائر کردی۔سابق وزیراعظم نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 53 اسلام آباد کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے جس پر ریٹرننگ افسر نے اعتراض لگاتے ہوئے مسترد کردیا تھا۔

شاہد خاقان عباسی نے اپنے وکیل طاہر محمود عباسی ایڈووکیٹ کے توسط سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے فیصلے کو ایپلٹ ٹریبونل میں چیلنج کردیا۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعظم نے درخواست میں کہا کہ جان بوجھ کر کوئی حقائق نہیں چھپائے، کاغذات نامزدگی کے فارم میں درستگی کیلئے تیار ہوں، آر او نے قانون کی غلط تشریح کر کے کاغذات مسترد کئے۔درخواست میں اپیل کی گئی کہ ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے حلقہ این اے 53 اسلام آباد سے الیکشن لڑنے کی اجازت دی جائے۔

یاد رہے کہ ریٹرننگ افسر نے کاغذات نامزدگی کے ساتھ جمع کرانے والے حلف نامے کی شق این کے تحت شاہد خاقان عباسی کے نامزدگی فارم مسترد کیے جبکہ شق این کہتی ہے کہ امیدواروں کو اپنے حلقے میں مفاد عامہ کے کاموں کی تفصیلات فراہم کرنا ہوتی ہے۔