عوام اپنے حالات کو بہتر بنانے اور مستقبل کو روشن کرنے کیلئے بار بار چہرے بدل کر آنے والوں کو مسترد کر دیں گے ،عنایت اللہ خان

جمعہ 22 جون 2018 21:41

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جون2018ء) سابق سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی خیبرپختونخوا و متحدہ مجلس عمل کے امیدوار پی کے 12عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ عوام اپنے حالات کو بہتر بنانے اور اپنے مستقبل کو روشن اور تابناک بنانے کے لیے فیصلہ کریں کہ ایسے لوگوں کو جو بار بار چہرے اور نام بدل کر آجاتے ہیں۔اب ان کو مسترد کر دیں گے ۔

ماضی میں جن لوگوں کو عوام نے ووٹ دیئے اور جو لوگ مسائل حل کر نے کے ذمہ دار بنائے گئے ان ہی لوگوں نے عوام کے مسائل اور مشکلات میں اضافہ کیا ۔عوام نے جن پر مسلسل بھروسہ اور اعتماد کیا ان ہی لوگوں نے عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچایا ۔جماعت اسلامی عوامی مسائل حل کرنے اور علاقے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔

(جاری ہے)

دیر کی ترقی ہمار ا خواب ہے جس کو ہر صورت میں شرمندہ تعبیرکریںگے ۔

نئے آنے والے ساتھیوں کو خوش آمدیدکہتے ہیں ۔وہ بیبوڑ کیر درہ املوک نار میں31 خاندانوں کو مسلم لیگ سے مستعفی ہوکر جماعت اسلامی میں شمولیت کے موقع پر تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ جماعت اسلامی میں شامل ہونے والوں میںخائستہ رحمان ، محمد بادشاہ ، نوید اللہ ، سعید اللہ ،امیر محمد ، نورمحمد ،احمد حسن ، امیر اللہ ، حنیف اللہ ، یونس خان ،سجاد اللہ ، ذاکر اللہ ، سعد اللہ ، وزیر خان ، ساجد نور ، اسماعیل ، مشتاق احمد ، ملک زادہ خان اور دیگر افراد شامل ہیں ۔

عنایت اللہ خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ25 جولائی کو کتاب پر مہر لگا کر ایک نئے دور کا آغاز کریں گے ۔ انہوںنے کہا کہ ہمیں آگے بڑھنا ہوگا حق اور سچ کا ساتھ دینا ہوگا ۔ عوام مسائل حل کرنے کے لیے جماعت اسلامی کا دست و بازو بنیں ۔ہمارا دین ہم سے تقاضہ کرتا ہے کہ سب ایک ساتھ مل کررہیں ، مظلوموں کا ساتھ دیں اور امیر غریب کا فرق ختم کریں ۔ جماعت اسلامی دین کی طرف دعوت دیتی ہے ، عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے ۔