بلوچستان کے نوجوانوں کے نسٹ کے داخلہ ٹیسٹ کی تیاری کیلئے خصوصی کلاسز کا آغاز

تعلیم آگے بڑھنے کا کلیدی ذریعہ ہے ، نوجوان اپنی تمام تر توجہ حصول تعلیم پر مرکوز کریں ، کمانڈر سدرن کمانڈ کی طلبہ سے گفتگو

جمعہ 22 جون 2018 21:54

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جون2018ء) کوئٹہ میں نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ( نسٹ) کے داخلہ ٹیسٹ کے لیے تیاری کی خصوصی کلاسز کا آغاز کر دیا گیا،تیاری کی خصوصی کلاسز کا اجرا نسٹ اسلام آباد، پاک فوج اور پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کے تعاون سے جاری ہے ۔

(جاری ہے)

جمعہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر )کے مطابق نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بلوچستان کے نوجوانوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کی راہ پر گامزن ہے،نسٹ داخلہ ٹیسٹ کے لیے تیاری کی خصوصی کلاسز کا آغاز کر دیا گیا ہے ، تیاری کی خصوصی کلاسز کا اجرا نسٹ اسلام آباد، پاک فوج اور پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کے تعاون سے جاری ہے ،نسٹ کے ماہر اسا تذہ ، طلبہ کو داخلہ ٹیسٹ کے لیے رہنمائی فراہم کر رہے ہیں ، کلاسز کے اجرا کا مقصد پسماندہ علاقوں کے غریب طلبہ کو بہترین تعلیمی رہنمائی فراہم کرنا ہے،بلوچستان بھر سے 150 طلبہ کلاسز میں شریک ہیں ، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے طلبہ سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ تعلیم زندگی میں آگے بڑھنے کا کلیدی ذریعہ ہے ، نوجوان اپنی تمام تر توجہ حصول تعلیم پر مرکوز کریں ۔