اپنی قوم پر مظالم اور دہشت گردی کی معاون ایرانی رجیم مجرم ہے،امریکا

ایرانی عوام بھوک سے مررہے ہیں جب کہ ان کے وسائل کو بیرون ملک جنگوں پر صرف کیا جاتا ہے،امریکی وزیرخارجہ

ہفتہ 23 جون 2018 13:24

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2018ء)امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے ایرانی رجیم کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے مجرم قرار دیا ہے۔امریکی ٹی وی سے بات چیت میں انہوں نے کہاکہ ایرانی رجیم اپنی قوم پرمظالم ڈھار رہی ہے۔ عوام پر غربت اور پسماندگی مسلط کی گئی جبکہ قومی وسائل کو دہشت گردی کی معاونت پر صرف کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہناتھا کہ رواں سال جنوری میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران ایرانی رجیم نے 5000 شہریوں کو پابند سلاسل کیا۔ 30 خواتین کو حجاب کی مخالفت پر گرفتار کیا گیا جب کہ سیکڑوں صوفی درویشوں کوگرفتار کرکے پابند سلاسل کیا گیا۔ صوبہ اھواز کے 400 باشندوں کو گرفتار اور اصفہان شہر کے 30کسانوں کو اپنے حقوق مانگنے کی پاداش میں جیلوں میں ڈالا گیا۔انہوں نے کہاکہ ایرانی عوام بھوک سے مررہے ہیں جب کہ ان کے وسائل کو بیرون ملک جنگوں پر صرف کیا جاتا ہے۔