چیف سیکریٹری سندھ کی زیر صدارت عام انتخابات 2018ء کے انتظامات کے سلسلے میں اہم اجلاس

ہفتہ 23 جون 2018 23:15

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2018ء) چیف سیکریٹری سندھ میجر (ر) اعظم سلیمان خان کی زیر صدارت عام انتخابات 2018ء کے انتظامات کے سلسلے میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس مین صوبائی الیکشن کمشنر محمد یوسف خان خٹک، آئی جی پولیس سندھ امجد جاوید سلیمی، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اقبال حسین درانی، سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن ذوالفقار علی شاہ، سیکریٹری خزانہ ڈاکٹر نور عالم اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیکریٹری داخلہ، الیکشن کمیشن، سندھ پولیس اور ڈویژنل و ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے ساتھ روابط کو فروغ دیکر عام انتخابات کے پرامن اور منصفانہ انعقاد کے لئے حکمت عملی کو فروغ دیں گے۔ سیکریٹری اسکول ایجوکیشن اور سیکریٹری امپلی منینٹیشن پولنگ اسٹیشنز سے متعلق ضروریات کی فراہمی کے لئے لائحہ عمل مستحکم کریں گے۔

(جاری ہے)

متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ محکمہ جاتی روابط کو فروغ دے کر عام انتخابات 2018ء کے انعقاد کے سلسلے میں موثر اقدامات عمل میں لائیں اور پولیس اسٹیشنز پر حکومت سندھ کے متعلقہ عملے کی تعیناتی، پینے کے پانی، بجلی اور دیگر سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائیں۔ صوبائی الیکشن کمشنر نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ 25 جون 2018ء کو پولنگ اسٹیشنز متعین کر دئیے جائیں گے جن کی فہرست جاری کر دی جائے گی۔