ٹیم ملیر قلندر کے اشعر بلوچ نے اینٹی نارکوٹکس فورس سندھ بیچ سائیکلنگ چیمپئن شپ جیت لی

پیر 25 جون 2018 16:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2018ء) وفاقی وزارت نارکوٹکس کنٹرول اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان ریجنل ڈائریکٹوریٹ سندھ (ANF)کے کمانڈر برگیڈیر نورالحسن کی بھر پور سرپرستی کے ساتھ ہونے والی ’’اینٹی نارکوٹکس فورس سندھ بیچ سائیکلنگ چیمپئن شپ ‘‘ ٹیم ملیر قلندر کے اشعر بلو چ نے 5پوائنٹس کے ساتھ جیت لی ہے۔ انتہائی سنسنی خیز اور جوش وولولے اور کامیابی کے ساتھ سائیکلنگ چیمپئن شپ پر چیئر مین معروف قانوندان اور سندھ سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے چیئرمین عابد علی ایڈووکیٹ آف سندھ ہائیکورٹ نے کہا ہے کہ اینٹی نارکوٹکس فورس سندھ کے کمانڈر بریگیڈیر نورالحسن نے کلیم اعوان کی خداداد صلاحیتوں سے تاریخ ساز اور انقلابی استفادہ حاصل کر کے ایک سنگ میل قائم کیا ہے۔

دریں اثناء چیمپئن شپ کا افتتاح بریگیڈیر نورالحسن اور عابد علی ایڈووکیٹ نے فلیگ آف کرکے کیا۔

(جاری ہے)

تیز و تند سمندری لہروں کے درمیان ہونے والی اس چیمپئن شپ میں 3کلومیٹر اسپیڈ سائیکل ریس میںاشعر بلوچ نے پہلی اور 2کلومیٹر سرکل سائیکل ریس میں دوسری پوزیشن حاصل کرکے 5پوائنٹس حاصل کئے اور اوور آل چیمپئن قرار پائے ۔ ٹیم ملیر قلندر ہی کے حق نواز ملنگی 1کلومیٹر زگ زیگ ریس میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے 3پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

ٹیم لیاری ٹائیگر کے علی بلوچ اور عرفان بلوچ 2، 2 پوائنٹس کے ساتھ اوور آل تیسرے نمبر پر رہے۔ تیز و تند سمندری لہروں سے سائیکلسٹوں اور منتظمین کی حفاظت کے لئے آرمی اور نیوی کے تیراک موقع پر موجود تھے جب کہ پاکستان آرمی ، اینٹی نارکوٹکس فورس سندھ ، پاکستان رینجرز اور کراچی پولیس نے بھی سخت حفاظتی انتظامات کررکھے تھے ۔ آخر میں مہمان خصوصی فورس کمانڈر اینٹی نارکوٹکس فورس سندھ بریگیڈیر نورالحسن نے سندھ سائیکلنگ ایسو سی ایشن کے چیئرمین عابد علی ایڈووکیٹ کے ہمراہ مل کر پوزیشن حاصل کرنے والے سائیکلسٹوں میں نقد انعامات ، گولڈن ٹرافیاں اور سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔