اسفند یار ولی چار جولائی کو تحصیل تنگی میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے، گلزار خان

منگل 26 جون 2018 13:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما و امیدوار این اے 23 چارسدہ I گلزار خان نے کہا ہے کہ 2018ء کے عام انتخابات میں اے این پی پورے صوبہ میں بھر پور کامیابی حاصل کرے گی، چار جولائی کو اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی خان تحصیل تنگی میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ منگل کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 23 چارسدہ I سے قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیر پائو اور جماعت اسلامی کے امیر و متحدہ مجلس عمل کے امیدوار سینیٹر سراج الحق، پیپلز پارٹی کے منظور خان ، پاکستان تحریک انصاف کے ملک انور انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اس حلقہ میں کسی امیدوار کو ابھی تک ٹکٹ جاری نہیں کیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ 2013 ء کے عام انتخابات کے مقابلے میں 2018ء کے عام انتخابات میں صوبہ خیبرپختونخوا میں بھرپور انتخابی مہم جاری ہے اور میں نے اپنے حلقہ میں بھی انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے ۔ اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی خان 4 جولائی کو حلقہ میں تحصیل تنگی کے مقام پر جلسہ عام سے خطاب کریں گے ۔ اے این پی کے ورکر گھر گھر جا کر ووٹ کے حصول کے لئے کوششیں کررہے ہیں۔ 2018ء کے عام انتخابات میں صوبہ خیبر پختونخوا میں اے این پی بھاری اکثریت حاصل کرکے صوبہ میں حکومت بنائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ صوبہ کے عوام ماضی میں پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت سے مطمئن نہیں ۔