الیکشن ٹربیونل سکھر نے پی ٹی آئی رہنما امیر بخش بھٹو کا فارم بحال کر دیا

منگل 26 جون 2018 16:34

الیکشن ٹربیونل سکھر نے پی ٹی آئی رہنما امیر بخش بھٹو کا فارم بحال کر ..
سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2018ء) الیکشن ٹربیونل سکھر نے پی ٹی آئی رہنما امیر بخش بھٹو کا فارم بحال کر دیا، مخالفین کے اعتراضات مسترد، حلقہ کی عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، مٹھائیاں تقسیم۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ میں قائم جسٹس فہیم احمد صدیقی کے الیکشن ٹربیونل میں پی ایس 10 رتوڈیرو پر پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار مرکزی پارٹی رہنما امیر بخش خان بھٹو اپنے وکلاء غلام دستگیر شاہانی، سردار علی نواز خان گھانگھرو، انور علی جانوری، غلام رسول ناریجو، عبدالوہاب بھٹو اور سیف علی بھٹو کے ہمراہ پیش ہوئے جہاں ان کے اوپر پی پی پی رہنمائوں کی جانب سے دائر کردہ اعتراضات پر دونوں فریقین کے وکلاء نے اپنے اپنے دلائل پیش کیئے۔

دلائل سننے کے بعد الیکشن ٹربیونل نے امیر بخش خان بھٹو کا فارم بحال کرتے ہوئے مخالفین کے اعتراضات مسترد کردیئے۔

(جاری ہے)

امیر بخش خان بھٹو کا فارم بحال ہونے کی خبر سنتے ہی حلقہ کی عوام، پارٹی کارکنان، ہمدردوں، رہنمائوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ اس موقعے پر الیکشن ٹربیونل کے باہر پارٹی رہنمائوں و کارکنان سے بات چیت کرتے ہوئے امیر بخش خان بھٹو نے کہا کہ اس سے قبل عوام کی دعائوں سے رٹرننگ افسر رتوڈیرو اور اب الیکشن ٹربیونل نے بھی مخالفین کے اعتراضات مسترد کر کے میرا فارم بحال کردیا ہے جس سے مخالفین کی صفوں میں مایوسی چھاں گئی ہے اور انشاء اللہ 25 جولائی کو فتح حق، سچ اور عوام کی ہوگی۔