معاشرے میں نشے کا بڑھتا ہوا رجحان تشویشناک ہے ،بالخصوص نوجوان طبقہ اس لعنت سے محفوظ نہیں ،فرزانہ کریم بلوچ

نوجوانوں کی بہتری کے لئے معاشرے میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینا ہوگا،نگران صوبائی وزیر بہبود آباد ی ، سماجی بہبود و اقلیتی امور

منگل 26 جون 2018 18:15

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2018ء) نگران صوبائی وزیر بہبود آباد ی ، ترقی نسواں ، سماجی بہبود و اقلیتی امور فرزانہ کریم بلوچ نے انسداد منشیات کے عالمی دن کے حوالے سے محکمہ سماجی بہبود کے زیر اہتمام واک کے اختتام پر طالبات، سول سوسائٹی اور اعلیٰ حکام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں نشے کا بڑھتا ہوا رجحان تشویشناک ہے بالخصوص نوجوان طبقہ اس لعنت سے محفوظ نہیں ،انہوںنے کہا کہ نوجوانوں کی بہتری کے لئے معاشرے میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینا ہوگا جس سے معاشرے میں منشیات کے خلاف جدو جہد میں مد د مل سکے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے بلوچستان کی ترقی میں صحت مند نوجوانوں کے کردار کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ عوام کی خدمت ہمارا اولین فرض ہے مگر صرف حکومت ہی نہیں بلکہ اس برائی کا خاتمہ بحیثیت ذمہ دار شہری ہمیں مل جل کر کرنا ہوگا تاکہ ناصرف ہمارا آنے والا کل بلکہ ہمارا آج بھی روشن اور صحت مند ہوسکے صوبائی وزیر فرزانہ کریم بلوچ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اگر ہم سب مل کر خلوص نیت کے ساتھ اس برائی کے خاتمے کیلئے اپنی بھر پور کاوشیں بروئے کار لائیں تو کوئی شک نہیں کہ ہمارا معاشرہ ہمیشہ کے لئے منشیات کی لعنت سے پاک ہوجائے ۔