نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک سے بھوٹان کے 10 رکنی وفد کی ملاقات

پاکستان بھوٹان کو بہت اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کے مابین تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، جسٹس (ر) ناصر الملک

منگل 26 جون 2018 20:49

نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک سے بھوٹان کے 10 رکنی وفد کی ملاقات
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک سے بھوٹان کے 10 رکنی وفد نے منگل کو یہاں ملاقات کی۔ بھوٹان کے پاکستان کیلئے نان ریذیڈنٹ سفیر سونم توبدن ربگی کی قیادت میں وفد بھوٹان کی سنٹرل مناسٹک باڈی کے ارکان پر مشتمل تھا۔ وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھوٹان کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ وزیراعظم نے بھوٹان کے ساتھ تعلیم، سیاحت، ثقافتی تبادلوں اور ماحولیاتی تحفظ کے شعبوں میں تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے سارک کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے زور دیا کہ بھوٹان سارک کے احیاء کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

(جاری ہے)

بھوٹان کے سفیر نے گرمجوشی سے خیرمقدم اور میزبانی پر نگران وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے دونوں ممالک کے مابین تعاون کیلئے وسیع مواقع کے حوالہ سے نگران وزیراعظم کے خیالات سے اتفاق کیا۔ انہوں نے سارک کو ایک فعال علاقائی تنظیم بنانے کے حوالہ سے اپنے ملک کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ پاکستان بدھ مت کے آرٹ اور کلچر کے حوالہ سے بھوٹان کیلئے گہری دلچسپی اور خصوصی مقام کا حامل ہے اور پاکستان کے علاقہ سوات کو اس لحاظ سے خصوصی اہمیت حاصل ہے کیونکہ اسے دوسرے بدھا گرو پدماسمبھاوا کی جنم بھومی تصور کیا جاتا ہے۔ بھوٹان کے وفد کے دورہ سے دونوں ممالک کے مابین پہلے سے موجود خوشگوار تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔