سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ اقدام کا سب سے اہم حصہ ہے،دیگر ملکوں میں عدم مداخلت چینی خارجہ پالیسی کا بنیادی اصول ہے

ْپاکستان میں چین کے قائم مقام سفیر ژاو لی جیان کی عوامی مذاکراے کے بعد اے پی پی سے گفتگو

منگل 26 جون 2018 21:03

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) پاکستان میں چین کے قائم مقام سفیر ژاو لی جیان نے کہا ہے کہ سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ اقدام کا سب سے اہم حصہ ہے۔پر امن بقائے باہمی اور دیگر ملکوں میں عدم مداخلت چینی خارجہ پالیسی کے بنیادی اصول ہیں۔منگل کو انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد میں عوامی مذاکراے کے بعد اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے قائمقام چینی سفیر نے کہا کہ سی پیک کے تحت تقریبا بائیس منصوبوں پر کام جاری ہے ۔

، ان منصوبوں پر بروقت اور تیزی سے عملدرآمد میں پاکستان کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ سی پیک صدر زی جن پنگ کے بیلٹ اینڈ روڈ اقدام کے تحت اہم منصوبہ ہے۔منصوبہ خطے میں خوشحالی سے ہمکنار کر دیگا۔ قبل ازیں رنمین یونیورسٹی چائنا سکول آف انٹرنیشنل سٹڈیز کے پرو فیسر جن کانرونگ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ چین بنیادی طور پر ایک زرعی ملک تھا لیکن عظیم انقلاب کے بعد چین نے آج دنیا کے سب سے بڑے اور جامع مینوفیکچرنگ صنعتی ملک کا سٹیٹیس حاصل کیا ہے۔

(جاری ہے)

گلوبلائزیشن کی قبولیت چینی خارجہ پالیسی کی سب سے بڑی تبدیلی ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ ایک سٹیٹس کو طاقت ہے جبکہ اس میں کوئی شک نہیںکہ چین ایک ابھرتی ہوئی طاقت ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے تمام عالمی تجاویز سیکورٹٰی کے گرد گھومتی ہیں جبکہ چین نے تمام تر توجہ ترقی پر مرکوز کررکھی ہے۔