بی اے پی انتخابات میں عوام کے ووٹوں سے کامیابی حاصل کر کے صوبے میں سنگل اکثریتی پارٹی بن کر سامنے آئیگی،میر جام کمال خان

ترجیحی بنیادوں پر صوبے کے مسائل کو حل کر کے بلوچستان کی پسماندگی اور احساس محرومی کو دور کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریگی،صدر بلوچستان عوامی پارٹی

منگل 26 جون 2018 23:19

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جون2018ء) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی صدر میر جام کمال خان نے کہا ہے کہ بی اے پی انتخابات میں عوام کے ووٹوں سے کامیابی حاصل کر کے صوبے میں سنگل اکثریتی پارٹی بن کر سامنے آئیگی اور ترجیحی بنیادوں پر صوبے کے مسائل کو حل کر کے بلوچستان کی پسماندگی اور احساس محرومی کو دور کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریگی ان خیالات کااظہار انہوں نے پارٹی کے مرکزی دفتر میں پارٹی کے نامزد ٹکٹ ہولڈر امیدوار برائے قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقات اور گفتگو کے دوران کیا اس موقع پر سعید احمد ہاشمی ،حاجی میر محمد اسماعیل لہڑی ، ولی محمد نورزئی ، طاہر محمود خان ، آغا عمر احمد زئی ، نصیب اللہ اچکزئی ، میر عثمان پرکانی سمیت دیگر رہنماء بھی موجود تھے میر جام کمال خان نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی نے اپنے قیام سے لے کر اب تک قلیل مدت میں دیگر سیاسی جماعتوں کو مقابلے کے رجحان کی صف میں کھڑا کردیا ہے اور صوبے کی دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے امیدوار بھی اپنے حلقوں کا بلا تخصیص دورے کررہے ہیں تاکہ عوام میں پزیرائی حاصل کرسکے انہوں نے کہا کہ آنے والے وقت میں جو پارٹیاں عوام کے فلاح و بہبود کے منصوبے بناکر انہیں مکمل کر کے ان کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے گرائونڈ پر منصوبوں کو دکھائیں گے وہی پارٹی آگے زندہ رہیں گی بی اے پی کی کوشش ہے کہ وہ صوبے میں عوام کے ووٹوں سے اپنے امیدواروں کو منتخب کرواکر ایوان میں بھیج کر حقیقی نمائندوں پر مشتمل بلوچستان میں اکثریتی پارٹی بن کر ابھرے کیونکہ اس وقت عوام کے امیدیں اور نظریں بلوچستان عوامی پارٹی پر مرکوز ہیں عوام نے تمام سیاسی جماعتوں کو آزما لیا ہے جو ان کے اعتماد پر پورا نہیں اتریں اور اجتماعات کی بجائے ذاتی مفادات کو ترجیح دی جس کی وجہ سے آج بھی بلوچستان پسماندگی کی منہ بولتی تصویر پیش کررہا ہے انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ بی اے پی کے پلیٹ فارم سے تعصب سے بالاتر ہوکر عوام کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہوکر سیاست کو عبادت سمجھ کر کریں تاکہ لوگوں میں پائی جانے والی مایوسی کا خاتمہ کر کے بلوچستان کو مسائل کے گرداب سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرے انہوں نے کہا کہ پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے ساتھ رابطے میں رہیں اور حقیقی معنوں میں عوام کے خدمت کرنے والے نمائندے بن کر آگے بڑھیں تاکہ عوام کے مسائل کو حل کرنے میں مدد مل سکیں بی اے پی ایسے اقدامات اٹھائے گی جس سے اہل بلوچستان کے دلوں میں پائی جانے والی تشنگی ختم ہوسکے بلوچستان ہمارا ہے اور ہم ہی اس کے وارث ہیں ہم عوام کی طاقت اور حق رائے دہی سے کامیاب ہوکر ایوان میں آئیں گے اور ان کے مسائل کو حل کرکے بلوچستان کو پاکستان کے دیگر صوبوں کے برابر لائیں گے تاکہ لوگوں کو روزگار ، تعلیم ، صحت ، پینے کا صاف پانی ، زرائع آمدورفت سمیت زندگی کی دیگر بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آسکیں۔