لیجنڈری کرکٹر نے پاک بھارت سیریز کیلئے آواز اٹھا دی

2021 ءمیں چیمپئنز ٹرافی کو ورلڈ ٹی 20 میں تبدیل کرنے کو خوش آئند قرار دیدیا

بدھ 27 جون 2018 14:01

لیجنڈری کرکٹر نے پاک بھارت سیریز کیلئے آواز اٹھا دی
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27جون 2018 ء) سابق سٹار بیٹسمین جاوید میانداد نے پاک بھارت سیریزکے لیے آوازاٹھا دی ہے ۔جاوید میانداد نے پاکستان کرکٹ بورڈ اور بی سی سی آئی سے سوال کیاکہ جب دونوں ہمسایہ ممالک ورلڈ ایونٹس میں ایک دوسرے کے خلاف سامنے آجاتے ہیں تو پھر باہمی سیریز کیوں نہیں کھیلتے۔ سرکاری خبررساں ادارے سے بات چیت میں سابق قومی کپتان نے کہا کہ میرے لیے یہ بات ناقابل فہم ہے کہ ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اترجاتی ہیں لیکن باہمی سیریز کا انعقاد نہیں ہوپاتا۔

1975 ءسے 1996 ءتک پاکستان کے لیے 124ٹیسٹ اور 233ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچز میں 16000سے زیادہ رنز سکور کرنے والے جاوید میانداد نے مزید کہا کہ ورلڈایونٹس، چیمپئنز ٹرافی، ورلڈ ٹی ٹونٹی اور ایشیا کپ میں پاک، بھارت ٹاکرے ہوجاتے ہیں تو پھر باہمی سیریز کا انعقاد کیونکر نہیں ہورہا، انھوں نے کہا کہ جتنا دونوں ممالک کی ٹیمیں ایک دوسرے کے ساتھ کھیلیں گی دونوں ممالک کے تعلقات بھی بہتر ہوتے جائیںگے، انھوں نے مزید کہا کہ سیاستدانوں کو اس معاملے پر سیاست چمکانا روک دینا چاہیے۔

(جاری ہے)

دنیا کے آل ٹائم بہترین 44 کرکٹرز کی صف میں شامل میانداد سمجھتے ہیں کہ جس طرح آسٹریلیا اور انگلینڈ میں ایشیز سیریز کا انعقاد ہوتا ہے اسی طرح پاکستان اور بھارت بھی سپورٹس مین سپرٹ کے تحت باہمی سیریز کھیل سکتے ہیں، اگر ہم مل کھیلیں اور کام کریں تو دنیائے کرکٹ پر حکمرانی کرسکتے ہیں، 61سالہ جاوید میانداد نے آئی سی سی کی جانب سے بھارت میں 2021 ءمیں شیڈول چیمپئنز ٹرافی کو ورلڈ ٹی 20 ایونٹ میں تبدیل کیے جانے کے فیصلے کو بھی سراہا، انھوں نے کہاکہ یہ اچھا فیصلہ ہے، حالیہ دنوں میں لوگ تیز کرکٹ چاہتے اور مختصرفارمیٹ کے میچز دیکھنے میں دلچسپی لیتے ہیں، انھوں نے مزید کہا کہ آئی سی سی کو مختصرفارمیٹ کے مقابلوں میں میچ فکسنگ کے مسائل پر بھی سخت نظر رکھنی چاہیے جو کھیل کے لیے بڑا خطرہ ہے۔