لیبیا میںصدارتی کونسل کے نائب سربراہ کا نامعلوم مسلح افرادنے اغواء کر لیا

ْفتحی کے محافظین فائرنگ سے زخمی ،نقصان پہنچنے کی ذمہ داری اقوام متحدہ پر ہوگی،عبوری حکومت

بدھ 27 جون 2018 15:00

طرابلس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2018ء) لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں مسلح افراد نے وفاق کی حکومت کی صدارتی کونسل کے نائب سربراہ فتحی المجبری کو اٴْن کے گھر کے آگے سے اغوا کر لیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ کارروائی فتحی کی جانب سے لیبیا کی فوج کے سربراہ کے اٴْس فیصلے کی تائید کے ایک روز بعد ہوئی جس میں خلیفہ حفتر نے تیل کی بندرگاہوں کو لیبیا کے مشرق میں موجود حکام کے زیر انتظام لیبیل آئل کارپویشن کے حوالے کرنے کا اعلان کیا تھا۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق لیبیا کے مشرق میں عبداللہ الثنی کے زیر قیادت عبوری حکومت نے ایک بیان میں فتحی المجبری کے اغوا کی سخت مذمت کی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ حکومت کو اس واقعے پر تشویش ہے جس میں نامعلوم مسلح افراد نے فتحی اور ان کے ایک ساتھی کو اغوا کر لیا جب کہ فتحی کے محافظین کو فائرنگ سے زخمی کر دیا گیا۔ حکومت کے مطابق یہ واقعہ اس بات کی دلیل ہے کہ طرابلس ابھی تک شدت پسند اور دہشت گرد جماعتوں کے زیر سایہ ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ فتحی المجبری کو کسی قسم کا نقصان پہنچنے کی صورت میں اس کی ذمّے داری صدارتی کونسل کے سربراہ اور اقوام متحدہ کے مشن پر ہو گی۔