طیب اردوان کی فتح اسلام پسندوں کی فتح ہے،ترک عوام نے ثابت کر دیا کہ اسلامی رجحانات کو کسی جبر اور بیرونی ایجنڈے کے تحت نہیں روکا جا سکتا،ترکی کی صورتحال سے سبق سیکھ کر پاکستان کے اسلام پسند حلقوں کو بھی تعلیم اور تعمیر و ترقی پر توجہ دینی ہوگی، وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین کا اظہار خیال

بدھ 27 جون 2018 20:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 جون2018ء) طیب اردوان کی فتح اسلام پسندوں کی فتح ہے،ترک عوام نے ثابت کر دیا کہ اسلامی رجحانات کو کسی جبر اور بیرونی ایجنڈے کے تحت نہیں روکا جا سکتا،ترکی کی صورتحال سے سبق سیکھ کر پاکستان کے اسلام پسند حلقوں کو بھی تعلیم اور تعمیر و ترقی پر توجہ دینی ہوگی،خوشی کے اس موقع پر ترک بھائیوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں ان خیالات کا اظہار وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر،مولانا انوارالحق،مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی اور مولانا محمد حنیف جالندھری نے ترکی کے انتخابات میں ترک صدر رجب طیب ایردوان کی کامیابی پر اپنے تہنیتی بیان میں کیا-انہوں نے رجب طیب ایردوان کی فتح کو دنیا بھر کے اسلام پسندوں کی فتح قرار دیا اور کہا کہ ترک عوام نے ثابت کر دیا کہ اسلامی رجحانات کو کسی جبر اور کسی بیرونی ایجنڈے کے تحت نہیں روکا جا سکتا-انہوں نے کہا کہ ترک صدر کی فتح کے نہ صرف ترکی بلکہ عالمی سطح پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوں گی-وفاق المدارس کے قائدین نے کہا کہ ترکی کی تعمیر وترقی اور تعلیمی میدان میں خدمات کو پیش نظر رکھتے ہوئے حکمت عملی وضع کرنی چاہیی-وفاق المدارس کے قائدین نے فتح اور خوشی کے اس موقع پر ترک بھائیوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔