چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ماروی میمن عہدے سے برطرف

بدھ 27 جون 2018 22:03

چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ماروی میمن عہدے سے برطرف
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 جون2018ء) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن ماروی میمن عہدے سے برطرف، صدرِ مملکت نے عہدے سے ہٹانے کی منظوری دیدی۔صدرِ مملکت ممنون حسین نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن ماروی میمن کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا ۔ نگران وزیرِاعظم ناصر الملک نے انھیں ہٹانے کی سمری دو روز قبل صدرِ مملکت کو بھجوائی تھی۔

یاد رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی ماروی میمن کو ان کے عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کے نام ایک درخواست ارسال کی گئی تھی جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن ماروی میمن کو ان کے عہدے سے برطرف کیا جائے۔پیپلز پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا تھا کہ ن لیگ کی حکومت کی پانچ سالہ مدت کے اختتام کے ساتھ ہی کابینہ ختم ہو گئی لیکن ماروی میمن نے اپنے عہدے سے استعفیٰ نہیں دیا اور وہ اب تک بی آئی ایس پی کی سربراہ کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہی ہیں۔