پاک چیندوستانہ تعلقات کی تاریخ کئی دہائیوں پر محیط ہے، صادق سنجرانی

یہ روابط وقت گزرنے کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی سطح پر مزید مستحکم ہو گئے ہیں، چیئرمین سینیٹ

بدھ 27 جون 2018 23:24

پاک چیندوستانہ تعلقات کی تاریخ کئی دہائیوں پر محیط ہے، صادق سنجرانی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جون2018ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے دوستانہ تعلقات کی تاریخ کئی دہائیوں پر محیط ہے اوریہ روابط وقت گزرنے کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی سطح پر مزید مستحکم ہو گئے ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور چین کی کمپنیوں کے درمیان مشترکہ منصوبوں کی نئی روایات ڈالنے سے باہمی تعلقات کو مزید تقویت ملے گی اور چینی کمپنیاں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپور انداز میں فائدہ اٹھا سکیں گی۔

چیئرمین سینیٹ نے ان خیالات کا اظہار چین کی کمپنیوں کے ایک وفد سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیامحمدصادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان میں مشترکہ منصوبوں کیلئے ماحول انتہائی ساز گار ہے۔

(جاری ہے)

گوادر اور پسنی میں مختلف منصوبوں پر کام کیا جا سکتا ہے جس سے دونوں ملکوں کے عوام کو فائدہ ہوگا اور خاص طور پر ماہی پروری کے شعبے میں بھی ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔

محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان کے عوام چین کے ساتھ سماجی و اقتصادی تعاون پر فخر محسوس کرتے ہیں اور ان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی وقت کے ہر امتحان پر پورا اتری ہے چینی وفد کے سربراہ نے چیئرمین سینیٹ کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے مابین اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا انہوں نے کہا کہ چینی کمپنیوں کے پاس طب کے شعبے میں وسیع مہارت موجود ہے اور پاکستان میں ہسپتالوں اور صحت کے مراکز کو آلات فراہم کیے جا سکتے ہیں اور اس شعبے میں تعاون کو فروغ دیا ہے۔